مرکز اہلسنت نیک آباد (مراڑیاں شریف) سے عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق ''افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن

گجرات (خصوصی رپورٹ) مرکز اہلسنت نیک آباد (مراڑیاں شریف) سے عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق ”افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن” کے زیراہتمام سیلاب متأثرین کیلئے مزید دو ٹرک امدادی سامان روانہ کردیا گیا۔ اس موقع پر حضرت پیر محمد افضل قادری چیئرمین افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن، حاجی محمدنواز آف جنڈانوالہ، امتیاز اسلم جنجوعہ آف کھاریاں، ڈاکٹر محمد فرخ، محمد الیاس ذکی، قاری خالد قادری ودیگر موجود تھے۔

بعد ازاں حضرت پیر محمد افضل قادری نے احباب ورضاء کاروں کے ہمراہ دریائے چناب کے کنارے موضع ماڑی کھوکھراں جاکر متأثرین سیلاب میں سامان تقسیم کیا۔ جبکہ نیک آباد سے ایک قافلہ فتووالا ضلع منڈی بہائو الدین کیلئے بھی روانہ کیا گیا۔ حضرت پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ جن لوگوں تک حکومتی امداد نہیں پہنچی وہاں جاکر دکھی انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اہلسنت نیک آباد سے کئی قافلے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مختلف متأثرہ علاقوں میں پہنچے اور وسیع اشیاء خورد ونوش، ادویات، ریڈی میڈ کپڑے، بستر اور دیگر سامان ضرورت تقسیم کیا گیا جبکہ ”میڈیکل کیمپوں” اور ”موبائل میڈیکل ڈسپنسریز” سے ان گنت مستحقین مستفیض ہوئے ہیں۔

اس لحاظ سے دیکھا جائے تو حسب سابق حالیہ تباہ کن سیلابوں اور بارشوں کے بعد امدادی کاروائیوں میں ”افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیش” کا ایک بار پھر زبردست کردار رہا ہے۔ جبکہ ”افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن” کی جانب سے متأثرین سیلاب کی امداد کا سلسلہ ابھی تک جاری وساری ہے۔

Gujarat News

Gujarat News