اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں متعین کرغزستان کے سفیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کیلئے جنوبی ایشیاء اور سمندری تجارت کی راہداری ہے۔
جبکہ وسطی ایشیائی ممالک پاکستان کیلئے روس کی منافع بخش منڈیوں تک راہداری کا ذریعہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاک چائنا اکنامک کاریڈور کی مغربی شاخ پاکستان کی ایران، افغانستان اور وسطی ایشیاء تک تجارت کو سہل بنائے گی۔
جبکہ کاریڈور بننے کے بعد کاشغر سے وسطی ایشیاء اور روس تک وسیع تر تجارت روٹ قائم ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے مابین براہ راست فلائٹس اور بزنس کمیونٹی کیلئے ویزوں کے عمل کو سہل بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔