کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے کرکٹ بورڈ نے 30 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سینٹرل کنٹریکٹ کا دورانیہ نو ماہ کا ہو گا اور اس کا اطلاق یکم اکتوبر 2016 سے ہو گا۔
کنٹریکٹ پانے والوں میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر کیے جانے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی شامل ہیں۔
تاہم ان دونوں کے کنٹریکٹ کی درجہ بندی میں تنزلی کی گئی ہے اور ماضی میں بی کیٹیگری پانے والے یہ دونوں بلے باز اب ڈی کیٹیگری میں رکھے گئے ہیں۔
اے کیٹیگری میں شامل کیے جانے والے کھلاڑیوں میں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی، ٹی 20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے علاوہ یونس خان، محمد حفیظ، شعیب ملک اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
بی کیٹیگری میں چار کرکٹرز کو رکھا گیا ہے جن میں اسد شفیق، محمد عامر، وہاب ریاض اور راحت علی شامل ہیں۔
سی کیٹیگری میں سب سے زیادہ 14 کرکٹرز کو رکھا گیا ہے اور ان میں حارث سہیل، محمد رضوان، عمران خان سینیئر، شان مسعود، محمد عرفان، سمیع اسلم، بابر اعظم، عماد وسیم، حسن علی، خالد لطیف، شرجیل خان، محمد نواز، سہیل خان اور سہیل تنویر شامل ہیں۔
سات کرکٹرز کو اے کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ ان میں مصباح الحق، اظہرعلی، محمد حفیظ، یونس خان، شعیب ملک، سرفراز احمد اور یاسر شاہ شامل ہیں
سی کیٹگری پانے والے حارث سہیل کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ اس وقت گھٹنے کے آپریشن کے بعد دوبارہ اپنی فٹنس بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ وہ مئی 2015 کے بعد سے ٹیم سے باہر ہیں۔
انور علی، ذوالفقار بابر، محمد اصغر، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ڈی کیٹیگری ملی ہے۔
احمد شہزاد ٹیم سے نکالے جانے کے بعد سے تاحال واپسی کے منتظر ہیں جبکہ عمر اکمل کو حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں سکواڈ میں جگہ ملی تھی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے فواد عالم کو سینٹرل کنٹریکٹ میں یکسر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔