سینٹرل جیل اڈیالہ میں 39قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری

Hanging

Hanging

راولپنڈی (جیوڈیسک) سینٹرل جیل اڈیالہ میں پھانسی کی سزاؤں پر عملدرآمد کا تیسرا مرحلہ مئی کے پہلے عشرہ سے شروع ہو رہا ہے۔

جیل میں39 قیدیوں کی رحم کی اپیلیں ایوان صدر سے مرحلہ وار مسترد ہو کر جیل پہنچ گئیں جبکہ جیل حکام نے ایسے تمام پھانسی کے منتظر قیدیوں کو پھانسی گھاٹ کے قریب پھانسی سیل میں منتقل کر دیا ہے اوران کے ڈیتھ وارنٹ کے اجراء کیلئے مرحلہ وار متعلقہ عدالتوں سے رجوع کر لیا گیا۔

ان قیدیوں میں راولپنڈی،اسلام آباد اوراٹک اضلاع کے قیدی ہیں، اڈیالہ جیل میں گزشتہ3 ماہ میں اب تک 10قیدیوں کوپھانسی دی گئی3کے راضی نامہ ہوگئے،180قیدیوں کی اپیلیں ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ جبکہ78کی اپیلیں سپریم کورٹ میں زیر التواء ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے2007 تک کے قتل کیسوں کی اپیلیں اسی سال نمٹانے کی ہدایات جاری کی ہیں،اس وقت اڈیالہ جیل میں پھانسی کی سزا یافتہ301ملزمان قیدہیں جن مجرمان کی رحم کی اپیلیں مستردہوئیں انکے رشتہ داروں نے مقتولین خاندان سے راضی نامہ کیلئے بھی سرتوڑ کوششیں بھی شروع کر دی ہیں۔

ان میں سیاسی وسماجی قائدین کو بھی شامل کیا گیا ہے، مختلف تھانوں کے7 قیدیوں کے راضی ناموں کیلئے پیشرفت بھی ہو گئی ہے۔