سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کر دی

Electricity

Electricity

اسلام آباد (جیوڈیسک) عوام کے لیے پیشگی خوشبخری ، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ماہ مارچ کے لیے بجلی تین روپے38 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کر دی۔

سنٹرل پاوور پرچیزنگ ایجنسی نے ماہ جنوری کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کے لئے نیپرا کو درخواست دے دی اور نرخوں میں تین روپے 38 پیسے فی یونٹ کمی کرنے کی سفارش کی ہے۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ کمی ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں جنوری کے لئے ہو گی ۔ جنوری کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت بارہ روپے بیالیس پیسے فی یونٹ رہی جبکہ فرنس آئل سے پیداواری لاگت چھ روپے اٹھائیس پیسے اور گیس سے چھ روپے ایک پیسے فی یونٹ رہی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیوکلیئر بجلی کی پیداواری لاگت ایک روپیہ بارہ پیسے اور ایران سے درآمدہ بجلی دس روپے ساٹھ پیسے فی یونٹ رہی اسی طرح جنوری کے لئے ریفرنس پرائس نو روپے چھیاسی پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی۔

تاہم جنوری میں اوسط پیداواری لاگت چھ روپے اڑتالیس پیسے فی یونٹ رہی اس لیے نرخوں میں کمی کا ریلیف عوام کو منتقل کرنے کی اجازت دی جائے، نیپرا درخواست کی سماعت یکم مارچ کو کرے گا۔