حیدر آباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں سابقہ پاکستانی مندوب حسین ہارون نے کہا ہے کہ کراچی میں ماضی کی طرز پر فوج آپریشن نہیں کیا جا سکتا، چوہدری نثار کے ٹارگٹڈ آپریشن کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایم کیو ایم کے خلاف الزامات بچکانا حرکت ہیں۔ انہوں نے یہ بات حیدرآباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بنیادیں سیاسی بھتہ خوری پر چل رہی ہیں، سب جگہ بھتہ چل رہاہے، آج انہیں لوگوں پر الزامات عائد کئے جارہے ہیں جن لوگوں کے ساتھ پیپلز پارٹی نے 5 سال گزارے۔
انہوں نے کہا کہ اقتداری پارٹی سندھی ٹوپی پہن کر ایم کیو ایم کے پاس گئی تھِی، آج ایم کیو ایم پر الزامات پچکانا حرکات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں نفرتوں کو عروج دیا جارہا ہے جو مناسب نہیں، کراچی میں ماضی کی طرز پر فوجی آپریشن اب نہیں کیا جاسکتا، وہاں جو کچھ ہوگا وہ جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچھیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، لیاری کا معاملہ ایم کیو ایم اور پی پی کا نہیں بلکہ بھتہ خوری کا ہے، کچھیوں کے ساتھ زیادتیوں کے باعث استعفی دیا۔