کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چودھری کی جانب سے کرپشن کے پورے معاشرے میں سرایت کر جانے کے اعتراف اور بلا امتیا ز احتساب کے عزم پر انہیں مبارک و تحسین پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کی جانب سے احتساب بیورو کے راست اقدامات کیخلاف الزامات اور احتساب بیورو کو اپنا تابع و مجبور بنانے اور احتساب کرنے والوں کو دھمکانے کی کوشش احتساب کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور قومی مجرموں کو قانون کے شکنجے سے محفوظ رکھنے کی کوشش ہے۔
جبکہ قوم یہ بھی جانتی ہے کہ بلا تفریق احتساب کے جرم میں چیئرمین احتساب بیورو کو جان کا خطرہ بھی لاحق ہے مگر اسے توقع ہے کہ ان کے پائے استقلال میں کوئی لرزش آئے گی اور نہ ہی وہ لغزش کا شکار ہوں گی۔
کیونکہ پاکستان کے عوام کی حمایت ان کے ساتھ ہے جبکہ قوم کو یہ بھی یقین ہے کہ بلا تفریق احتساب اور قومی مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عمل میں پاک فوج بھی قمر زمان چوہدری کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ان کی حمایت ‘ معاونت اور حفاظت کا فریضہ انجام دیگی۔