برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے حب کے قریب شاہ نورانی درگاہ میں دہشت گردی خصوصاً اس حملے میں پرامن اورنہتے زائرین کے قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
برسلز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس واقعے پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئی انھوں نے کہاکہ تشدداور دہشت گردی کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ یہ دہشت گردانہ حملہ تحمل، آزادی اوراحترام انسانیت پر حملہ ہے۔یہ قابل نفرت کاروائی ہے اور دنیاکو دہشت گردی کی لعنت کے خلاف اٹھ کھڑا ہوناچاہیے۔ ہمیں دہشت گردوں کو ایک پیغام دیناہوگاکہ وہ بے گناہ اورمظلوم لوگوں کو مارکراپنے مذمو م مقاصد پورے نہیں کرسکتے۔ اب وقت آگیاہے کہ محبت اورامن کے پیغام کو پھیلایاجائے اور دہشت گردی جہاں کہیں بھی ہو، اس کے خلاف پوری دنیا کو اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ کشمیرکے مظلوم لوگ جنہیں سات عشروں سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامناہے، پاکستان میں دہشت گردی کا شکارلوگوں کے درد کوبآسانی سمجھتے سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے دنیاکی توجہ ہٹاناچاہتا، جہاں وہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے لوگوں کا قتل عام کررہاہے اور خاص طورپر حالیہ مہینوں کے دوران مقبوضہ کشمیرمیں پیلٹ گن کے ذریعے سینکڑوں معصوم لوگوں کی آنکھوں کو ضائع کیا چکا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یونے کہاکہ ہم ریاستی دہشت گردی سمیت ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔علی رضاسید نے شاہ نورانی درگاہ میں دھماکے میں جانبحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیااور دعاکی کہ اللہ تعالیٰ جانبحق ہونے والے افراد کو جواررحمت میں جگہ دے اور ان کے پس ماندگان کو صبرجمیل عطاء کرے۔امین