کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے عید الفطر سے قبل ضلع کورنگی کی حدود میں فراہمی و نکاسی آب کے سسٹم کی درستگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ عید الفطر عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئے ،خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں اور عید گاہوں کے اطراف سیوریج کے ناقص نظام کی درستگی فوری یقینی بنائے اور عید الفطر پر عوام کو بلا تعطل پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ،بلدیہ کورنگی کے تمام محکمو ں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ عید الفطر پر ضلع کورنگی کی حدود میں عوام کو بلدیاتی مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہو نے وائس چیئر مین سید احمر علی اور میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ ضلع کورنگی کے مختلف زونز کا دورہ کرکے عید الفطر کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے تمام محکماجاتی سربراہان موجود تھے اس موقع پر مختلف شاہراہوں پر روشنی کی بحالی کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس کی دستگی اور نئی لائٹوں کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ ضلع کورنگی میں اہم شاہراہوں کے ساتھ ساتھ اندرونی گلیوں خصوصاً آمد و رفت کے راستوں پر روشنی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔