برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے عیدالفطر کے موقع پر کشمیری عوام خصوصاً مقبوضہ کشمیر کی بہنوں اور بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
عیدالفطرکے موقع پر اپنے مبارکبادی پیغام میں انھوں نے کہاہے کہ ہم عید الفطر کے بابرکت موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔ہم کشمیرکی تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے دعا گوہیں اور اس قانونی جدوجہد کی حمایت کرتے رہیں گے۔ یہ ان لوگوں کی جدوجہد ہے جو ایک لمبے عرصے سے بھارتی مظالم اوربھارتی قبضے کاسامنا کررہے ہیں۔ علی رضاسید نے اس عزم کا اظہارکیا کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لئے کشمیرکونسل ای یو اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے بھارت سے آزادی کے لئے کشمیریوں کی تحریک میں قربانی دینے والے لوگوں کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہاکہ آزادی کی تحریک میں ہماری بھائیوں اوربہنوں کی قربانیاں ان گنت ہیں۔
وہ سترسالوں سے بھارت سے آزادی کے لئے جائز اورقانونی جدوجہد کررہے ہیں۔یہ تحریک کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے ہے اور اس وقت تک جاری رہے گی ، جب تک یہ حق ان کو مل نہیں جاتا۔ علی رضاسید نے اس کشمیری قیادت کو بھی سراہاجو آزادی کی تحریک کو تقویت اور حوصلہ فراہم کررہی ہے۔