چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

Shah Mehmood Qureshi – Ali Raza Syed Meeting

Shah Mehmood Qureshi – Ali Raza Syed Meeting

برسلز، اسلام اؓباد (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل یورپ (ای یو) علی رضا سید نے آج منگل کو اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خصوصاً وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور یورپ میں کشمیریوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے جاری جدوجہد پر بات چیت کی گئی۔

علی رضاسید نے وزیرخارجہ کو یورپ میں مسئلہ کشمیر پر جاری کشمیر کونسل ای یو کی جدوجہد سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ ہم مظلوم کشمیریوں کی دو ٹوک سیاسی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔
وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق کی حمایت اور ان پرمظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔ انھوں نے مزید کہاکہ کشمیری ڈائس پورہ بشمول کشمیرکونسل یورپ کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاری کوششیں قابل تعریف ہیں۔

ملاقات کے بعد چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ ان کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات انتہائی مفید اور تعمیری رہی۔

بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ کشمیرکونسل ای یو مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگرکرتی رہے گی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔