برسلز، اسلام آباد (پ۔ر) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے یہاں کشمیر ہاوس میں کشمیر کونسل یورپ کے چئیرمین علی رضا سید نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور یورپ میں جاری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف جاری آگاہی مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے یورپ میں تحریک آزادی کشمیربالخصوص مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہی اور کشمیریوں کا مقدمہ موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے کشمیر کونسل یورپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپ کے اندر کشمیریوں کی آواز کو پہنچانے میں علی رضا سید اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ حکومت آزادکشمیر انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
علی رضا سید نے اس موقع پر ریاست کے اندر گڈ گورننس ،میرٹ کی بحالی اور بلا تخصیص تعمیر و ترقی کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر کی قیادت میں اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادریاست کے اندر گڈ گورننس کے قیام کا لائن آف کنٹرول کے اس پار انتہائی مثبت اثر پڑے گا۔علی رضا سید نے وزراعظم کو دورہ یورپ کی دعوت بھی دی۔