میرپور/۔برسلز (پ۔ر) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید سے ان کی رہائشگاہ میرپور آزاد کشمیر پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال خاص طورپر مسئلہ کشمیرپر یورپ میں جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، عالمی سطح پر موثر انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرنے میں بیرون ممالک مقیم ہم وطن کشمیریوں کا بہت بڑا کردار ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیر کونسل یورپ نے تحریک آزادی کشمیر کو یورپی اقوام کے سامنے پیش کرنے اور کشمیریوں کا مقدمہ انہیں سمجھانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل جب وزیراعظم میرپور میں علی رضا سید کی رہائشگاہ پہنچے تو ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا واحد پرامن اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہے، کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے یورپی یونین میں علی رضا سید کی کامیاب سفارتکاری کو شاندار الفاظ میں سراہا اور یورپین لوگوں کو مسئلہ کشمیر کی طرف متوجہ کرنے کے لیے ان کی مثالی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا۔ علی رضا سید سے ملاقات کے دوران وزیراعظم آزادکشمیرکا مزید کہنا تھا کہ باہر مقیم ہم وطن مظلوم کشمیریوں کے حقیقی سفیر ہیں، بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ان کا کردار قابل قدر ہے خاص طور پر یورپ میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بیرون ممالک میں کشمیریوں نے بھرپور اور شاندار کردار ادا کیا ہے۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ کشمیریوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے پرامن عوامی تحریک شروع کر رکھی ہے بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پرامن جدوجہد کو دبانے کے لیے اپنی قابض فوج کے ذریعے ریاستی طاقت کا وحشیانہ اور ظالمانہ استعمال کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی افواج انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی فوج کے جبرو تشدد اور مظالم سے کشمیر بچے ،بوڑھے ،جوان ،خواتین سبھی غیر محفوظ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزانسانی حقوق کی جن سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہی ہیں، انہیں عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے کشمیریوں کو متحدہو کر موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس موقع پر کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کے بھرپور کردار کو سراہا۔ انھوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی سفارتی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہماری جدوجہد کا مقصد یورپ کو مسئلہ کشمیرکی حقیقت اورمقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کرناہے۔ انھوں نے وزیراعظم کو بتایاکہ یورپ میں جاری کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونے شروع ہوگئے ہیں۔ علی رضا سید کی قیادت میں قائم کشمیرکونسل ای یو ایک عرصے مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگر کرنے کے کوشاں ہے۔ کانفرنسوں، سیمیناروں اور ملاقاتوں کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اجاگر کیا جارہاہے۔ کونسل کے زیراہتمام ایک ملین دستخطی مہم بھی یورپ کے مختلف ممالک میں جاری ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم فاروق حیدر خان گذشتہ دو سالوں کے دوران دوبار کشمیرکونسل ای یو کی دعوت پر یورپی پارلیمنٹ برسلز میں کشمیرای یو ویک کے پرگروم میں بطورمہمان خصوصی شرکت کر چکے ہیں۔