اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت پارٹی کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی، اجلاس میں پارٹی کے صدر شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزراء اور مجلس عاملہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پرحملے کی مذمت کی گئی اوران کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کرائی گئی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، نیب مقدمات اورچیئرمین نیب کے حوالے سے آئندہ کی سیاسی و قانونی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔
اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے نیب کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا اور مطالبہ کیا کہ چیئرمین نیب فوری مستعفیٰ ہوں۔ اس موقع پر نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ادارہ جانبدار اور متعصب ثابت ہوچکا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے آئندہ الیکشن کے لئے پارلیمانی بورڈ ، الیکشن سیل کے قیام اور مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کی تیاری کے لئے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔