اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت سے انکار کردیا۔
وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع کے لیے نیب آرڈیننس کی منظوری دی دے جو سرکولیشن کے ذریعے دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مؤقف اپنایا ہےکہ وہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر فواد چوہدری اور فروغ نسیم پر واضح کیا کہ وہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کا اس حوالے سے اپوزیشن سےمشاورت کا کوئی ارادہ ہے۔
اس سے قبل جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرقانون بیرسٹرفروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں چیئرمین نیب کی تقرری پرکوئی بات نہیں ہوئی، فواد چوہدری نے جوبات کی وہ پہلے کی میٹنگ کی تھی ، یہ بات بعد میں ڈسکس ہوئی کہ چیئرمین نیب پر شہبازشریف سے مشاورت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے چیئرمین کے لیےموجودہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کا نام بھی ہے لیکن نئے چیئرمین کے آنے تک فی الحال پرانا چیئرمین نیب ہی رہے گا۔