اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کی اگر ہماری ڈیل ہوتی تو چیئرمین نیب کا تقرر کب کا ہو چکا ہوتا۔ وہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے ساتھ چیئرمین نیب کے تقرر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد ذرائع سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے مثبت بات چیت ہوئی ہے،چیئرمین نیب کیلئے چار ناموں پر غور ہوگا،آج چیئرمین نیب کیلئے دو نئے ناموں پر بھی غور ہوا، چاروں میں سے دونام ریٹائرڈ ججوں اور دوبیوروکریٹس کے ہیں۔
جسٹس ریٹائرڈ اعجاز چوہدری اور جسٹس ریٹائرڈ میاں اجمل کے علاوہ چوہدری روف اور سابق سیکریٹری شوکت درانی کے نئے ناموں پر بھی غور ہوا ہے۔ وزیراعظم آج اپنی ٹیموں سے چاروں ناموں پر مشاورت کریں گے۔ خورشید شاہ نے بتایا کہ وزیراعظم سے کل صبح 11 بجے دوبارہ ملاقات ہوگی، امید ہے چاروں ناموں میں سے کوئی ایک فائنل ہو جائے گا۔