اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف نے چیئرمین نیب کے لیے وفاقی سیکریٹری داخلہ چوہدری قمر الزمان کے نام پراتفاق کر لیاہے۔وزیر اعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان مشاورت کے بعد چیئر مین نیب کے عہدے کے لیے وفاقی سیکریٹری داخلہ چوہدری قمرالزمان کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ چوہدری قمرالزمان گریڈ 22 کے افسر ہیں، وہ پہلے سیکریٹری تعلیم، چیف سیکریٹریز ناردرن ایریاز، کمشنر لاہور اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے عہدے پر بھی اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
چئیرمین نیب کے عہدے پر تعیناتی کے لیے وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان متعدد مشاورتی ملاقاتیں ہوئیں۔ آخری ملاقات میں دو ریٹارڈ ججز جسٹس میاں محمد اجمل اور جسٹس اعجاز چوہدری جب کہ دو ریٹائرڈ بیور کریٹس چوہدری عبدالروف اور شوکت درانی کے نام زیر غور آئے۔
اس سے پہلے چیئرمین نیب کے عہدے کے لیے ریٹائرڈ جسٹس رانا بھگوان داس، سردار رضا اور رحمت حسین جعفری کے نام بھی زیر غور رہے۔ چیئرمین نیب کا عہدہ اس سال مئی سے خالی تھا، جب سپریم کورٹ نے سابق چیئرمین نیب ریٹائرڈ فصیح بخاری کو نااہل قرار دے دیا تھا۔