چیئرمین نادرا کو برطرف کرنا سب سے بڑی دھاندلی ہے، خورشید شاہ

 Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طارق ملک کو چیئرمین نادرا کے عہدے سے برطرف کرنا سب سے بڑی دھاندلی ہے۔ الیکشن کمیشن کو حکومتی اقدام کیخلاف ڈٹ جانا چاہئے۔

پارلیمنٹ ہاوس میں غیر رسمی گفتگو کے دوران خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے 18ویں ترمیم پر نظرثانی کی جائے گی، صوبائی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، 18ویں ترمیم میں ابہام دور کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ طارق ملک کو ہٹانا انتخابی دھاندلی کو چھپانے کا آغاز ہے، جب تک پٹیشن پر فیصلہ نہیں آتا طارق ملک کو بحال رکھا جائے، الیکشن کمیشن اس حکومتی اقدام پر کھل کر سامنے آئے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چوہدری نثار نے 40حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات چیک کرنے کا اعلان کیا تھا، جب تک انگوٹھے چیک نہیں ہوتے طارق ملک کو بحال رکھا جائے، ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل 480 ارب گردشی قرضے کا بھی جائزہ لے، مہنگائی 7 سے 11 فیصد ہو گئی ہے۔

نوٹ کی چھپائی میں گزشتہ 6 ماہ میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے، خورشید شاہ نے کہا کہ آرمی کے پاس لاپتہ افراد ہیں تو عدالت میں پیش کرنے چاہئیں، انھوں نے کہا کہ بجلی پر 35ارب سبسڈی دی جا رہی ہے، ہم نے بجلی پر سالانہ 350 ارب روپے سبسڈی دی تھی، ایل پی جی 46 روپے فی کلو بڑھ گئی، لوگ گوبر سے چولہے جلا رہے ہیں، دنیا میں پیٹرول سستا ہو رہا ہے۔

ہمارے ہاں آسمان سے باتیں کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی پابندیوں میں نرمی سے فائدہ اٹھایا جائے، ایران سے پیٹرول کا معاہدہ بحال ہونے کی صورت میں 60 روپے لیٹر ہونا چاہئیے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک ہی وقت میں تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے، 15مارچ کی تاریخ دے کر صوبوں سے بلدیاتی انتخابات کی تحریری ضمانت لی جائے۔