لاہور (جیوڈیسک) چیف سلیکٹر معین خان چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے آج لاہور میں ملاقات کریں گے۔ چیف سلیکٹر معین خان ملاقات میں کسینو جانے پر اپنی پوزیشن واضح کریں گے۔ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ اہم میچ سے پہلے معین اپنی اہلیہ اور دوستوں کے ہمراہ کسینو میں دیکھے گئے تھے، جہاں ایک پاکستانی جوڑے نے ان کی تصاویر اتارنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر جاری کر دیا۔
میگا ایونٹ میں خراب پرفارمنس کی وجہ سے شدید دباؤ کا شکار پی سی بی نے کسینو تنازع پر معین کو واپس پاکستان طلب کر لیا تھا۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ سابق وکٹ کیپر معین آج دوپہر کو شہریار خان سے ملیں گے۔ یاد رہے کہ شہریار خان نے کسینو تنازع سامنے آنے کے فوراً بعد ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا لیکن پھر پی سی بی چیئرمین نے معین کو واپس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق معین کو اچانک واپس طلب کرنے کی وجہ سے نوید اکرم ابھی تک رپورٹ نہیں بنا سکے کیونکہ تاحال پی سی بی کے صدر دفتر میں واقعہ سے متعلق کوئی رپورٹ نہیں پہنچی۔