کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے کے چیرمین ناصر جعفر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا جب کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوادیا ہے۔
پی آئی اے کے چیرمین ناصر جعفر نے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا جو بھی واقعہ ہوا میں خود کو اس کا ذمہ دار سمجھتا ہوں اور آج کے واقعے میں میرے 2 لوگوں کا شہید ہونا مجھ سے برداشت نہیں ہورہا لہٰذا اس عہدے پر رہنے کے لیے میرا ضمیر گوارہ نہیں کررہا جس پر مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا۔
پی آئی اے چیئرمین فائرنگ کے واقعے میں ملازمین کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ آج پی آئی اے کے لیے سیاہ دن ہے جب کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کہا تھا کہ خون کا ایک قطرہ بھی نہیں گرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فائرنگ کے واقعے کی مکمل تحقیقات کرے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی جانب سے کئی روز سے جاری احتجاج میں شدت آگئی جس میں آج ملازمین نے ریلی نکالی تاہم اس دوران پولیس اور رینجرز کی جانب سے شیلنگ کی گئی جب کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پی آئی اے کے 3 ملازمین جاں بحق ہوگئے۔