لاہور (جیوڈیسک) وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانا آئین وقانون کے منافی ہیں اور اس معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا سوچ رہا ہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چیف جسٹس نے رائل پام کےحوالےسے تاریخی فیصلہ کیا ہے، ریلوے کی زمین نہ فروخت جاسکے گی اور نہ ہاؤسنگ اسکیم بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کےدور میں کرپشن ہوئی ہے تو کارروائی ہونی چاہیے، نوازشریف کو 7 سال کی سزا ہوئی، اگر میں نے کرپشن کی تو مجھے 14 سال کی ہونی چاہیے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے بارے میں میرے تحفظات تھے، شہبازشریف کو پی اے سی چیئرمین بنانا آئین وقانون کے منافی ہے، وہ ایک وفاقی وزیر کی حیثیت میں ہیں اگر انہوں نے چیئرمین نیب یا ڈی جی ایف آئی اے کو بلایا تو وہ انہیں سلیوٹ ماریں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ سوچ رہا ہوں میں پبلک اکاونٹس کمیٹی میں جاؤں اور چیئرمین پی اے سی کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا سوچ رہا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیرریلوے نے کہا کہ آصف زرداری کہتے ہیں جیل ان کا سسرال ہے تو پھر میں ان کا مستقبل کیا بتاسکتا ہوں، بس اتنا کہوں گا کہ انہوں نے تیاری پکڑ لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساری اپوزیشن ملی ہوئی ہے لیکن کچھ نہیں ہوسکتا، عمران خان وقت کی ضرورت ہیں اور ایسے وقت پر آئے ہیں جب کرپشن سے پاک شخص کی ضرورت تھی۔
شیخ رشید نے کہاکہ شہبازشریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، نوازشریف آج اسی لیے اس مقام پر پہنچے کہ انہوں نے شہبازشریف کی نہیں مانی، شہباز کی گوٹی فٹ ہے، اللہ کے فیصلوں کا نہیں پتا لیکن شریف اور زرداری خاندان کی سیاست نہیں دیکھ رہا۔
مودی پاکستان کی سرحد پر سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے: شیخ رشید وزیرریلوے نے پیشگوئی کی کہ 2019 دنیائے سیاست کے لیے اہم ترین سال ہے، نریندر مودی 2019 میں پاکستان کی سرحد پر سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے۔
کراچی سرکلر ریلوے پر بات کرتے ہوئے وزیرریلوے نے کہا کہ متبادل جگہ کا انتظام کرنے کے لیے لوگوں کو 25 دن کا نوٹس دے دیا ہے، متعلقہ لوگوں کو خبردار کرتا ہوں ریلوے کی زمین دینے کو تیار ہیں، سندھ حکومت ان کو آباد کرے، اس وقت سرکلر ریلوے کی زمین خالی نہ ہوئی تو کبھی نہیں ہوسکے گی۔
اس دوران (ن) لیگ کے رہنما رانا ثناءاللہ سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثناء بدبودار آدمی ہیں، ان سے متعلق بات کرنا ہوتو مجھے بتایا کریں، رومال لے کر آیا کروں گا۔
اس سے قبل لاہور میں ہی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خواجہ سعدرفیق نے لوکو موٹوز کی قیمت کے بارے میں جھوٹ بولا، جب ڈالر 104 روپے کا تھا تب47 کروڑ کا لوکوموٹر خریدا گیا، خواجہ سعد کا خریدا ہوا ہر انجن اب67 کروڑ کا ہوچکا ہے، تمام انجن اب ناکارہ ہوکر مغل پورہ ورکشاپ میں کھڑے ہیں، انہوں نے ریلوے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔