اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایوان بالا (سینیٹ) کے چیئرمین کے الیکشن سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول کا کہنا تھاکہ ہماری پارٹی آئین اور پارلیمان کی بالادستی میں یقین رکھتی ہے لیکن پولنگ اسٹیشن پر پولنگ عمل کو پارلیمانی کارروائی قرار نہیں دیا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھاکہ سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پریذائیڈنگ افسر کے اُس فیصلے کو چیلینج کیا تھا جو انہوں نے سینیٹ کے پولنگ اسٹیشن میں دیا تھا، پریذائیڈنگ افسر نے 7 ووٹ یہ نشاندہی کرتے ہوئے مسترد کیے تھے کہ یہ یوسف رضا گیلانی کو ملے ہیں۔
بلاول نے اعلان کیا کہ بالا فورم سے رجوع کرنا ہمارا حق ہے، جو ہم انصاف حاصل کرنے کیلئے استعمال کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ گو کہ آئین ہمیں پارلیمان کی کارروائی پر سوال اٹھانے سے روکتا ہے لیکن یہ پارلیمانی کاروائی نہیں تھی۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ چیئرمین سینیٹ کی الیکشن چوری کرنے کیلئے پریذائیڈنگ آفیسر کے ذریعے غلط کھیل کھیلا گیا، یہ معاملہ سسٹم کیلئے ایک امتحان تھا کیونکہ مستقبل میں بھی اس عمل کو دہرایا جاسکتا ہے جس سے جمہوری اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی قانونی دروازہ کھٹکائے گی اور میسر فورمز پر یہ معاملہ اٹھائے گی، الیکشن چوری کو قائم رکھنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایوان بالا (سینیٹ) کے چیئرمین کے الیکشن سے متعلق یوسف رضا گیلانی کی درخواست مسترد کردی ہے۔