لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ق نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی ملاقات ہوئی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر ہم ایک پیج پر ہیں،سازشیں کرنیوالے پیچھے رہ جائیں گے ،ہمارا اتحاد آگے کی جانب بڑھتا جائیگا۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے عبدالغفور حیدری کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا ہے۔
12 مارچ یعنی کل نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس کل صبح 10 بجے بلانے کی سمری منظور کرلی ہے۔