چیئرمین سینیٹ کے بیٹے کی شادی، گن پوائنٹ پر گانا سناگیا

Chairman Senate

Chairman Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینیٹ نیرحسین بخاری کے صاحبزادے کے شادی میں ملک کے معروف گلوکاراللہ دتہ لونے والا کے بیٹے اور’’لکھ واری بسم اللہ کراں‘‘ گا کرشہرت حاصل کرنے والے نوجوان گلوکار ندیم عباس لونے والا کو چیئرمین سینیٹ کے بھائی اور اس کے ساتھی گن پوائنٹ پرگھنٹوں زبردستی گانے پر مجبور کرتے رہے۔

فجرکی اذان پر جب ندیم عباس نے گانا بند کیا تو سبطی شاہ کہا کہ گائوورنہ تمھیں گولی مار دوںگا۔ ندیم عباس نے دھمکی کے باوجود گانے سے انکار کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے بھائی سبطی شاہ نے طے شدہ معاوضے کی ادائیگی کے بجائے فنکار سے انتہائی توہین آمیز سلوک کیا۔

ندیم عباس کے ساتھ 2 گھنٹے پرفارم کرنے کا معاوضہ طے کیا گیا تا ہم اس نے اپنی خوشی سے 3 گھنٹے تک محفل میں گایا اور جب اس نے گانے کااختتام کیا تو سبطی شاہ نے اس پر بندوق تان لی اور تا حکم ثانی گائیکی جاری رکھنے کاحکم دیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ بھی موجود تھے۔ جب نوجوان گلوکارنے ان سے ان کے بھائی کے رویے کی شکایت کی تو نوٹس لینے کے بجائے چیئرمین سینیٹ نے منہ پھیر لیا۔ ندیم عباس صبح ہونے تک گاتارہا۔