کھاریاں : نئی وجود میں آنے والی یونین کونسلوں کے دفاتر ان کے صدر مقام یعنی جس گاؤں کے نام پر یونین کونسل بنی ہے وہیں پر تعمیر کئے جائیں. چیئرمین اپنے اپنے علاقوں کے سرکاری تعلیمی اداروں، ہسپتالوں کے وزٹ کریں۔
مسائل کو اجاگر کریں جن یونین کونسلوں کے دفاتر نہیں ہیں وہ چیئرمین فوری طور پر عارضی دفاتر قائم کریں اور مسائل کو میرے نوٹس میں لائیں نئی یونین کونسلوں کے دفاتر عارضی قیام کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپے جبکہ پرانی یونین کونسلوں کے دفاتر کی تزئین و آرائش کے لئے مبلغ 1 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے جا رہے ہیں جو کہ چیئرمین کی صوابدید پر ہوں گے تمام چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز متحرک ہو جائیں اور اپنی ڈیوٹی شروع کر دیں ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے ٹی ایم اے ہال کھاریاں میں چیئرمینوں سے خطاب اور عوامی نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔
اس موقع پر چیئرمین یوسی گلیانہ ڈاکٹر محمد عباس چوہدری نے کہا کہ عوام نے ہمیں ووٹ دے کر اپنی خدمت کے لئے چنا ہے اب ہمارا فرض ہے کہ ہم عوامی خدمت میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں اور بلاتفریق اپنے اپنے علاقہ کے مسائل حل کروائیں انشاء اللہ ہم سب اپنی ڈیوٹی کو فرض سمجھ کر ادا کریں گے اس موقع پر چیئرمین یو سی ککرالی چوہدری فہیم سرور روپیری، چیئرمین ملک اشفاق ڈوگہ، چیئرمین ملک وحید سرور بدرمرجان، چیئرمین لالہ افضل چڑیاولہ، چیئرمین ملک صفدر بھگوال، چیئرمین ملک اکرم ڈھل، چیئرمین راجہ ذوالفقار ٹھوٹھہ رائے بہادر، چیئرمین ملک اقبال ملکہ، چیئرمین چوہدری سہراب خاں باغانوالہ، چیئرمین میاں شیراز برنالی اور دیگر بھی موجود تھے اس میٹنگ سے چیئرمینوں میں نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے مگر دوسری طرف مایوسی بھی پائی جا رہی ہے کہ اس سے پہلے والی میٹنگ میں ڈی سی نے فی یونین کونسل 25 لاکھ روپے فنڈز کا اعلان کیا تھا مگر وہ وعدہ تاحال ایفا نہ ہو سکا ہے اسے بھی لالی پاپ ہی قرار دیا جا رہا ہے۔