اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی منظوری کے بعد سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سید راغب عباس شاہ کو چیئرمین واپڈا کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔ چیئرمین واپڈا کے عہدے پر تعیناتی سے قبل سید راغب عباس شاہ ممبر (واٹر) واپڈا کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
انہوں نے این ای ڈی کالج کراچی سے سول انجینئرنگ میں گریجوایشن کے بعد 1974 ءمیں جونیئر انجینئر (سول) کے طور پر واپڈا میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ذرائع کے مطابق سید راغب عباس شاہ نے ذاتی وجوہات کی بناء پر چیئرمین واپڈا کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے جسے وزیراعظم محمد نواز شریف نے منظور کر لیا ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین نے چیئرمین پیمرا کو برطرف کر دیا ہے۔ صدر ممنون حسین نے چیئرمین پیمرا چودھری رشید کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق ان کے عہدے سے برطرف کیا ہے۔ چودھری رشید کو پہلی بار اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحال کیا تھا۔