چکوال کی خبریں 02.04.2013

میاں نواز شریف ہی اس وقت ملک کی واحد تجربہ کار قیادت ہیں جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے منگل کے روز بتایا کہ میاں نواز شریف ہی اس وقت ملک کی واحد تجربہ کار قیادت ہیں جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ وہ ممتاز کالج منگوال کے یوم والدین پروگرام میں خطاب کر رہے تھے۔ خطبہ استقبالیہ ممتاز فاؤنڈیشن کے چیئرمین ممتاز خان نے پیش کیا جبکہ میڈم پرنسپل نائلہ ممتاز نے سکول کی گذشتہ 5 سالہ کارکردگی بارے تفصیلات بتائیں۔ ممتاز خان نے کہا کہ ملک کو جنرل عبد القیوم جیسے باکردار لوگوں کی ضرورت ہے لہٰذا مسلم لیگ کی قیادت کو سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ٹکٹ جنرل عبد القیوم کو دینا چاہیے۔ ممتاز خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کے گرد لوٹے ایک دفعہ پھر اکٹھے ہو چکے ہیں لہٰذا پاکستان بدلنے کے نعرے میں اتنا وزن نہیں۔ جنرل عبد القیوم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اس وقت ملک کی 36 فیصد تعلیمی ضروریات نجی شعبہ پوری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔ میرا مقصد صرف پاکستان اور چکوال کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ ملا تو بھرپور الیکشن لڑیں گے وگرنہ پارٹی کی ہائی کمان نے جس کو بھی ٹکٹ دیا اُس کی کامیابی کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نہ میں چوہدری ہوں نہ سردار، اللہ کا عاجز بندہ ہوں
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) نہ میں چوہدری ہوں نہ سردار، اللہ کا عاجز بندہ ہوں۔ ہائی کورٹ کا فیصلہ ہمارے حق میں ہونے کے باوجود ظالم حکمرانوں نے کئی طلباء و طالبات کا مستقبل تاریک کر دیا۔ یہ بات سابق ضلع ناظم چکوال اور آزاد اُمیدوار حلقہ این اے 60 سردار غلام عباس خان نے محلہ رحمانیہ میں سینکڑوں افراد پر مشتمل ایک بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں ذہین اور لائق طلباء اور طالبات کے لئے کروڑوں کے فنڈز مختص کئے جس سے کئی بچوں کا مستقبل روشن ہو گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور ڈیلائسز مشینوں کی فراہمی، یونیورسٹی آف ٹیکسلا کا قیام بھی ہمارے دور کے سنہرے کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مدمقابل عوام کو جھوٹے مقدمات کے علاوہ کچھ نہیں دے سکے، آمدہ الیکشن میں عوام کا فرض ہے کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ سوچ سمجھ کر دیں۔ مناسب یہی ہو گا کہ کارکن گلی کوچوں میں پھیل کر عوام کے شعور کو اُجاگر کریں اور اللہ تعالیٰ نے اگر ایک بار موقع دیا تو یونین کونسل نمبر 3 چکوال کے جن مسائل کا ذکر کیا گیا ہے اُنہیں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور اقتدار میں نہ جھوٹے مقدمات درج ہوئے، نہ انتقامی تبادلوں کا کوئی جھکڑ آیا۔ جن دیگر مقررین نے خطاب کیا اُن میں سابق ناظم ماما خان بہادر، اسلم جامی، ڈاکٹر غلام مصطفی، سابق کونسلر ساجد جٹ، حاجی انور، یوسف بھٹی، نائیک عابد حسین، حکیم نوید، ڈاکٹر ارشد سلیم، ملک غلام حر شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی چکوال کامران اکبر نے ضلع بھر کے تمام ٹرانسپورٹروں اور اڈہ مالکان کا اہم اجلاس منعقد
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی چکوال کامران اکبر نے ضلع بھر کے تمام ٹرانسپورٹروں اور اڈہ مالکان کا اہم اجلاس منعقد کر کے اُنہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ٹرانسپورٹ اڈوں پر ڈینگی وائرس کو روکنے کے لئے اہم اقدامات کریں اور اڈوں پر صفائی کا خصوصی انتظام کریں اور سپرے کرانے کے کام کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بعض احتیاطی تدابیروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو صاف ستھرا رکھنے سے ڈینگی وائرس کا خطرہ ٹل سکتا ہے۔ ضلع بھر کے تمام اڈہ مالکان نے سیکرٹری RTA کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے اڈوں کو صاف ستھرا رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر اور اُمیدوار حلقہ پی پی 20 چوہدری لیاقت علی خان نے منگل کے روز تلہ گنگ روڈ، سبزی منڈی اور بھون چوک کے تاجروں سے ملاقات کی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر اور اُمیدوار حلقہ پی پی 20 چوہدری لیاقت علی خان نے منگل کے روز تلہ گنگ روڈ، سبزی منڈی اوربھون چوک کے تاجروں سے ملاقات کی اور اُنہیں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر تاجروں نے چوہدری لیاقت علی خان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اُنہیں ہاروں سے لاد دیا گیا۔ جب وہ بھون چوک پہنچے تو اُنہوں نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ضلع چکوال مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف ہی عوام کی آخری اُمید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) ضلع بھر کی تمام نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ اس موقع پر سٹی صدر شاہد عباسی، سیٹھ محمد عرفان، پیر بہاول الحق، چوہدری نواز کنگ، بابا اشرف اور دیگر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منگل کے روز ریٹرننگ آفیسر چکوال چوہدری انوار احمد خان کی عدالت میں اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) منگل کے روز ریٹرننگ آفیسر چکوال چوہدری انوار احمد خان کی عدالت میں اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے حلقہ این اے 60 پر اُمیدوار فخر محمود مرزا اور پی پی 20 کے اُمیدوار خالد محمود ملک کے کاغذات نامزدگی درست قرار دئیے گئے جبکہ چیئرمین پریس کلب چکوال خواجہ بابر سلیم محمود نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی ایاز امیر کے خلاف آئین کی 62 اور 63 شق کے تحت تحریری اعتراض داخل کرایا جس میں اُنہوں نے ایاز امیر کے تین کالموں کو بنیاد بنایا جس میں شراب نوشی کی تصدیق اور نظریہ پاکستان کی بھرپور نفی کی گئی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے 3 اپریل (آج) کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ نورپور تھانہ کلرکہار کے علاقے میں پوسٹ آفس نورپور کے 2 اہلکار سے مسلح افراد نے ساڑھے 8 لاکھ روپے کی رقم چھین لی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) قصبہ نورپور تھانہ کلرکہار کے علاقے میں پوسٹ آفس نورپور کے 2 اہلکار سے مسلح افراد نے ساڑھے 8 لاکھ روپے کی رقم چھین لی۔ محمد یعقوب کلرک پوسٹ آفس نے پولیس کو بتایا کہ مسعود احمد پوسٹ مین کے ہمراہ نیشنل بینک سے 15 لاکھ روپے کی رقم نکلوا کر باہر آرہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم اشخاص نے اسلحے کی نوک پر رُوکا، جن میں سے ایک نے ہوائی فائرنگ کی اور اُن سے رقم 8 لاکھ 50 ہزار چھین لی۔ اس دوران ملزم جلدی میں 1 لاکھ 10 ہزار روپے کی رقم موقع پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ سب انسپکٹر محمد عجائب نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کالج روڈ تھانہ سٹی چکوال کے علاقے سے 6 افراد نے شادی شدہ نوجوان لڑکی کو اغواء کر لیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کالج روڈ تھانہ سٹی چکوال کے علاقے سے 6 افراد نے شادی شدہ نوجوان لڑکی کو اغواء کر لیا۔ اعجاز حسین ولد فرزند حسین ساکن جھامرہ نے پولیس کو بتایا کہ اُس کی بھتیجی جو کہ محمد علی ولد بشیر حسین ساکن جھامرہ کے ساتھ شادی شدہ ہے، اُس کو صدام ولد افسر، بلال ولد شیر دل، ریحانہ زوجہ افسر نے افسر خان ولد محمد خان، توقیر ولد عاشق، صفیہ زوجہ توقیر کی ایماء پر اغواء کیا ہے۔ سب انسپکٹر قمر اسلام نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محلہ فاروقی تھانہ سٹی چکوال سے 2 نامعلوم موٹر سائیکل پر سوار افراد نے پرس اور شاپر چھین لئے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) محلہ فاروقی تھانہ سٹی چکوال سے 2 نامعلوم موٹر سائیکل پر سوار افراد نے پرس اور شاپر چھین لئے۔ امجد حسین ولد بشیر حسین نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بیوی ممتاز امجد اپنے گھر پیدل جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم اشخاص نے اس سے ہینڈ پرس اور شاپر چھین لئے۔ ہینڈ ماسٹر میں 38 ہزار روپے کی رقم، موبائل فون اور کاغذات تھے۔ اے ایس آئی شوکت حسین نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔