چکوال کی خبریں 09.04.2013

جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے منگل کے روز بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 ڈیکوریشن پیس نہیں

چکوال (اعجاز بٹ) جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے منگل کے روز بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 ڈیکوریشن پیس نہیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کیا جانا چاہیے مگر اب بھی ریٹرننگ افسروں نے ان آرٹیکل کو بھرپور انداز میں استعمال نہیں کیا ہے۔ وہ لاہور سے چکوال پریس کلب میں ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق صرف اور صرف اُمیدواروں کی اہلیت اور نااہلیت سے ہے اور اس بارے میں یہ تاثر دینا کہ اس کا طریقہ کار وضع نہیں بڑا مضحکہ خیز ہے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ جو شخص باکردار اور دیانت دار نہیں اور دین سے لاعلم ہے اور سب سے بڑی بات نظریہ پاکستان کا مخالف ہے وہ تو کسی طور پر بھی پارلیمنٹ کا الیکشن لڑنے کا اہل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان اس ملک کی بنیاد ہے اور جو شخص اس بنیاد کی مخالفت کر رہا ہے وہ کس طرح رکن پارلیمنٹ منتخب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 2A میں یہ واضح لکھ دیا گیا ہے کہ اسلامیہ جمہوریہ پاکستان میں نافذ تمام قوانین اسلام اور قرآن کے تابع ہوں گے جبکہ نظریہ پاکستان کی واضح تشریح آئین میں کر دی گئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں اُنہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے اور جماعت اسلامی کے اُمیدوار بہرحال اپنے انتخابی نشان ترازو پر ہی الیکشن لڑیں گے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا جس بھی سیاسی جماعت کے ساتھ طے پائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آنے والے انتخابات میں اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت شروع ہو گئی ہے
چکوال (نمائندہ خصوصی)آنے والے انتخابات میں اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور
یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار ایاز امیر کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر چکوال چوہدری انوار احمد خان کی طرف سے مسترد کئے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت 10 اپریل (آج) اپیلٹ بینچ لاہور ہائی کورٹ میں کرے گا جو جسٹس رؤف احمد شیخ اور جسٹس ماموں رشید شیخ پر مشتمل ہے۔ منگل کے روز چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود جنہوں نے ایاز امیر کے خلاف ریٹرننگ افسر چکوال کی عدالت میں اعتراض دائر کیا تھا۔ اُنہوں نے خواجہ خالد فاروق ایڈووکیٹ کے ذریعے متفرق درخواست دی ہے کہ فاضل ریٹرننگ افسر نے اپنے فیصلے میں ایاز امیر کے نظریہ پاکستان کے مخالف ہونے کو اپنے حکم کی بنیاد نہیں بنایا حالانکہ عدالت میں ایاز امیر کے خلاف نظریہ پاکستان کا مخالف ہونا ثابت ہو گیا۔ درخواست گزار نے ایاز امیر کی اپیل مسترد کرنے کی استدعا کی ہے۔ محمد عارف ملک نے بھی اپیلٹ کورٹ میں متفرق درخواست ایاز امیر کی اپیل مسترد کرانے کے لئے دائر کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی پی 22 کے اُمیدوار سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے بل بوتے پر آنے والے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے
چکوال (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی پی 22 کے اُمیدوار سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے بل بوتے پر آنے والے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ گذشتہ 13 سالوں میں عوام کے دُکھ درد میں شریک ہوئے ہیں اور ہر سطح پر عوام کی دادرسی کی ہے۔ وہ حلقہ نیلہ کی 8 یونین کونسلوں کے عمائدین سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کے روز دُلہہ ہاؤس میں اُن سے ملاقات کی۔ یونین کونسل بلکسر، بھرپور، کلرکہار، وروال، کرسال، کوٹ چوہدریاں، بیگال کے عمائدین نے سابق یونین ناطم سردار نجف علی خان کی قیادت میں سردار ذوالفقار علی
خان دُلہہ کو یقین دلایا کہ ان یونین کونسلوں میں مسلم لیگ (ن) کے اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا جائے گا۔ سردار ذوالفقار علی خان نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کا ضلع چکوال میں مضبوط ووٹ بینک ہے جس کی بنیاد پر ضلع چکوال کی تمام چھ نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیررسول شاہ خاکی کا اسلام کے لیے مثالی کردار ہے اور برصغیر میں اسلام کی شمع صوفیائے کرام نے فروزاں کی
چکوال (نمائندہ خصوصی)پیررسول شاہ خاکی کا اسلام کے لیے مثالی کردار ہے اور برصغیر میں اسلام کی شمع صوفیائے کرام نے فروزاں کی ۔ انہی کی بدولت آج دنیا کے نقشے پر پاکستان اور دینِ اسلام قائم ہے ۔ صوفیائے کرام نے کبھی بھی نفرت یا انتہا پسندی کی دعوت نہیں دی بلکہ ان کا کردار ہمیشہ امن ، محبت اور رواداری کا آئینہ دار ہوتا ہے ۔ آج بھی ان کی خانقاہیں امن و محبت کا پیغام دے رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ایرانی کونسلر جنرل ڈاکٹر تقی صادقی نے آستانہ عالیہ مخدوم پور شریف کے سجادہ نشین اور روحانی پیشوا پیرمستوار قلندر سے ان کی والدہ کے اظہارِ تعزیت کے موقع پر کیا۔اس موقع پر تحریک اسلام کے سربراہ علامہ حیدر علوی ، محبت مشن کے ترجمان سید مقصود ہمدانی، ڈاکٹر ابو تراب اور پیر زادہ جلال ہاشمی بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر تقی صادقی نے اس موقع پر کہا کہ اسلام کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے صوفیائے کرام کی تعلیمات سے راہنمائی لینا بے حد ضروری ہے ۔ فرقہ واریت نے پوری دنیا میں امتِ مسلمہ کو رسوا کیا ہے ۔ خالصتاً صوفی ازم بھی فرقہ واریت کو ختم کر سکتا ہے اور امتِ مسلمہ کو عبادت اور یگانگت کی لڑی میں پرو سکتا ہے ۔ ایران اور پاکستان کی اسلامی ،ثقافتی اور اخلاقی قدریں یکساں ہیں ۔دونوں برادر ملک مل کر عالمی استعمار کے خلاف امت مسلمہ کی ترجمانی کا حقیقی فریضہ سر انجام دے سکتے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم نے زراعت کے میدان مین شاندار کارنامے سرانجام دئیے300ٹربائین تقسیم کی
چکوال (نمائندہ خصوصی) ہم نے زراعت کے میدان مین شاندار کارنامے سرانجام دئیے300ٹربائین تقسیم کی اور چکوال میں ایک نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ان خیالات کا اظہار حلقہ این اے60اور پی پی 22کے آزاد امیدوار سر دارغلام عباس خان نے مختلف اجتماعات میں خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں زمیندار اور کسانوں کیلئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہم نے تین سو سے زائد ٹربائین لگوائیں جن سے کئی سو ایکڑ رقبہ زیر کاشت ہوا اور اسی وجہ سے چکوال میں نیا ٹرینڈ متعارف ہوا جس سے غریب کسانوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوئیں۔ہم نے اپنے دور میں لینڈ لیزر ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی۔ اور ہماری ہمیشہ سے یہی ترجیح رہی کہ ہم عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں ۔ ہمارا ماضی آپ کے سامنے کھلی کتاب کی طرح موجود ہے اور آپ کو اپنا ووٹ استعمال کرتے ہوئے ایک واضح فرق محسوس ہو گا کہ آپ کی ترجیح بالکل درست ہے انشاء اللہ ، اللہ پاک کی مدد اور اور آپ کے ووٹ سے دوبارہ منتخب ہوکر اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ وہ آج کارنر میٹنگ کے سلسلہ میں بھلہ، تھوہا ہمایوں اور دھیدوال میں اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پہلوان گروپ کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 20شیخ وقار علی نے کہا ہے کہ میرے الیکشن میں حصہ لینے سے گذشتہ 25سالوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والے آج ان دیہاتوں اور مقامات پر بھی جارہے ہی
چکوال (نمائندہ خصوصی) پہلوان گروپ کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 20شیخ وقار علی نے کہا ہے کہ میرے الیکشن میں حصہ لینے سے گذشتہ 25سالوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والے آج ان دیہاتوں اور مقامات پر بھی جارہے ہیں جہاں وہ 25سالوں سے نہیں گئے اور بڑی بڑی گاڑیوں پر گھومنے والے آج سڑکوں پر آکر لوگوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں ہم نے ایک غریب اور عام شہری کے ووٹ کی اہمیت واضح کردی ہے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کیلئے درخواست دے رکھی ہے ، عوام دعا کریں ٹکٹ ہمیں بھی مل سکتا ہے اور ہم نے ابھی تک این اے ساٹھ پر کسی کی حمایت کا فیصلہ نہیں کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز موضع کوٹلے کلیال میں منعقدہ کارنر میٹنگ اور بعدازاں ڈھوک چھچھ داخلی بھیں میں اعوان برادری کے منعقدہ اجتماع سے
اپنے الگ الگ خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ چوہدری لیاقت علی خان نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ پی پی 20سے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ لے کر ہمیں دیں گے ابھی تک پارٹی نے کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا اگر پارٹی ہمیں ٹکٹ جاری کرتی ہے تو ہم پارٹی کے پابند ہیں اور اگر ٹکٹ نہ ملا تو آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے اور پنے فیصلے کرنے میں آزاد ہوں گے انہوں نے کہا کہ اگر مجھے ٹکٹ دلوانے کا وعدہ پورا نہ کیا گیاتو یہ صرف میرے ساتھ نہیں بلکہ پورے چکوال کی عوام کے ساتھ وعدہ خلافی ہوگی۔ موضع کوٹلے میں کارنر میٹنگ میں سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صوبیدار فضل حسین نے کہا کہ حق اور باطل کی جنگ ازل سے جاری ہے اور قیامت تک جاری رہے گی ہم نے اچھے کاموں اور غریبوں کی حمایت کیلئے شیخ وقار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ہم کسی کے دشمن نہیں اور کوئی ہمارا دشمن نہیں عوام شیخ وقار علی کو کامیاب بنائیں تو آئندہ لوگوں کے باہمی مسئلے تھانہ کچہری کی بجائے ان کے گھروں کی دہلیز اور گاؤں میں ہی حل ہوں گے۔