چکوال کی خبریں 16.7.2013

سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں حکومت پنجاب نے 4ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے
چکوال: سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں حکومت پنجاب نے 4ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے اور رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری و سستی اشیائے صرف فراہم کی جارہی ہیںـوہ رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن سے بات چیت کر رہے تھے۔ چوہدری لیاقت علی خان نے ڈی سی او چکوال یاور حسن کے ہمراہ رمضان بازار کا دورہ کیا۔ اور اشیائے خوردونوش کا جائزہ لیا۔ بانی لیگی رہنما ملک کفایت حسین اور ارشد بٹ بھی ہمراہ تھے۔ سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لیاقت علی خان نے ڈی سی او کے ہمراہ رمضان بازار میں لگائے گئے سٹالوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اور خریداری کے لیے آئے ہوئے افراد سے ان کی رائے حاصل کی۔ اسسٹنٹ کمشنر چکوال ثمینہ سیف نیازی اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے، ای ڈی او زراعت لیاقت علی سلہری نے سینئر پارلیمنٹرین اور ڈی سی او کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے عین مطابق عوام کو سستے داموں اور بہترین اشیاء رمضان بازار میں فراہم کی جا رہی ہیں۔ چوہدری لیاقت علی خان نے ڈی سی او چکوال کو ہدایت کی کہ وہ اشیاء کی کوالٹی میں مزید بہتری لائیں اور جتنا ممکن ہو سکے عوام کو ریلیف دیں۔ کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کامشن ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔ ڈی سی او چکوال نے رمضان بازار میں یوٹیلٹی سٹور کے لگائے گئے سٹال انچارج کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں۔سینئر پارلیمنٹرین اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری لیاقت علی نے ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن سے استفسار کیا کہ کیا وہ رمضان بازار کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ جس پر جنرل سیکرٹری عبدالغفور منہاس نے انہیں بتایا کہ وہ رمضان بازار کی کارکردگی سے تو مطمئن ہیں تاہم بازار میں جو لوٹ مار کا بازار گرم ہے اس سے وہ مطمئن نہیں ہیں۔ قبل ازیں میڈیا کی نشاندہی پر ڈی سی او چکوال نے اسسٹنٹ کمشنر چکوال اور دیگر اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ چھپڑ بازار چکوال اور دیگر بازاروں میں مقامی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے۔ڈی سی او یاور حسین نے میڈیا کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لیے 34پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تعینات کیے ہیں۔ جو لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسسٹنٹ کمشنر چکوال ثمینہ سیف نیازی اور نائب تحصیلدار جہانگیر نے میڈیا کی نشاند ہی پر چھپڑ بازار کا اچانک دورہ کیا
چکوال: اسسٹنٹ کمشنر چکوال ثمینہ سیف نیازی اور نائب تحصیلدار جہانگیر نے میڈیا کی نشاند ہی پر چھپڑ بازار کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ناجائز تجاوزات رکھنے والے دکانداورں کو فوری طور پر تجاوزات ہٹانے کی ہدایات جاری کیں اور بھاری جرمانے کیے ۔ اس موقع پر مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کو بھی بھاری جرمانے کیے گئے اور وارننگ دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ سیف نیازی کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوںکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نبٹا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
معروف مذہبی شخصیت سید ظہور حسین شاہ کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں پیر مگھی دربار پر سپرد خاک کر دیا گیا
چکوال: معروف مذہبی شخصیت سید ظہور حسین شاہ کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں پیر مگھی دربار پر سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں سیاسی و مذہبی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سید ظہور حسین شاہ مذہبی حلقوں میں اپنا ایک خاص مقام رکھتے تھے۔ اور انہوںنے اپنی ساری زندگی یاد الٰہی میں گزاری، عوام کے لیے آسانیاںپیدا کیں۔ سید ظہور حسین شاہ کا آخری دیدار کرنے کیلئے لوگوں کا بہت بڑا ہجوم اکٹھا ہو گیا اور ہر کوئی آخری دیدار کرنے کے لیے بے تاب تھا۔ مرحوم الخدمت فائونڈیشن ضلع چکوال کے جنرل سیکرٹری تسکین سید اور سٹی کمپیوٹر سنٹربلدیہ پلازہ کے ڈائریکٹر تمکین سید کے چچا تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری امیر خان نے سید ظہور حسین شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا
چکوال: جماعت اسلامی ضلع چکوال کے رہنمائوں صدر پروفیسر امیر خان ،مولانا عبدالستار، امیر خان مجاہد،الحاج ظفر اقبال، چوہدری معین اکرم،ملک اختر نواز اعوان، حق نواز سلطان،اور چوہدری امیر خان نے سید ظہور حسین شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔رہنمائوں نے الخدمت فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری تسکین سید سے ان کے چچا کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن برمنگھم کے رہنمائوں چوہدر ی عارف اقبال، ملک فتح خان اور قائد چکوال چوہدری اظہر چکرال نے معروف مذہبی شخصیت سید ظہور حسین شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے
چکوال: مسلم لیگ ن برمنگھم کے رہنمائوں چوہدر ی عارف اقبال، ملک فتح خان اور قائد چکوال چوہدری اظہر چکرال نے معروف مذہبی شخصیت سید ظہور حسین شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ سید ظہور حسین شاہ قیمتی سرمایہ تھے۔ اور ان کی وفات پر ایک بہت بڑا خلاء پیداہو گیا ہے۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سید ظہور حسین شاہ نے اپنی ساری زندگی شریعت کے مطابق گزاری ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سہگل آباد کی ڈھوک میاں مائر میں آسمانی بجلی گرنے سے متعدد گھروں کی الیکترانک اشیاء جل گئیں
چکوال: سہگل آباد کی ڈھوک میاں مائر میں آسمانی بجلی گرنے سے متعدد گھروں کی الیکترانک اشیاء جل گئیں۔ گزشتہ روز اچانک درجنوں گھروں پر آسمانی بجلی گر پڑی جس سے ٹیلی ویژن ،فریج، اور دیگر الیکٹرانک اشیاء جل گئیں۔
چکوال سٹیزن فورم نے قرار دیا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو فراہم کیاجانے والا سستا آٹا انتہائی ناقص ہے
چکوال: چکوال سٹیزن فورم نے قرار دیا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو فراہم کیاجانے والا سستا آٹا انتہائی ناقص ہے واٹر سپلائی کے ذریعے گندا پانی عوام کو فراہم کیا جا رہا ہے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملی طورپر کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ڈائیلاسز مشینیں بند کر کے ضلع چکوال کی عوام کے ساتھ بڑی زیادتی کی گئی ہے ۔چیئرمین عامر نوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور ٹی ایم اے شہر کوصاف ستھرا بنانے کے لیے عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔ عامر نوید قاضی کا کہنا تھا کہ ٹی ایم اے کی اپنی ملکیتی پلازے بلدیہ پلازہ کی بیسمنٹ میں گزشتہ کئی ماہ سے پانی کھڑا ہے اور اس میں ڈینگی لاروا پرورش پا رہا ہے اندرون شہر ڈینگی کے پھیلائو کی بڑی وجہ مذکورہ پانی ہے مگر بلدیہ اس ضمن میں کوئی کاروائی نہیں کر رہی۔ عامر نوید قاضی نے اراکین اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ڈائیلاسز مشینیں چالو کرنے کے لیے فوری طور پر اپنا کردار اداکریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صدر پولیس چکوال نے متعدد مقدمات میں ملوث نوید انجم عرف نویدا اشتہاری سے قاتلانہ حملہ میں استعمال ہونیوالی دو کلہاڑیاں برآمد کر لیں
چکوال: صدر پولیس چکوال نے متعدد مقدمات میں ملوث نوید انجم عرف نویدا اشتہاری سے قاتلانہ حملہ میں استعمال ہونیوالی دو کلہاڑیاں برآمد کر لیں۔ جبکہ ملزم کو سٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سٹی پولیس نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے اپنے مقدمات کی تفتیش شروع کر دی ہے صدر پولیس نے نوید انجم کے ساتھی محمد امیر کو بھی گرفتار کیا ہے۔جس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔دریں اثناء سٹی پولیس چکوال نے
نوید انجم عرف نویدا اشتہاری کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیاہے دوسری جانب اشتہاری نوید انجم کے ماموں راجہ عبدالرشید نے الزام عائد کیا ہے کہ سٹی پولیس کا اہلکار ساجد نوید انجم کی پشت پناہی کر رہا ہے اور اسے بے گناہ قراردینے کے لیے دبائو ڈال رہا ہے راجہ عبدالرشید نے آئی جی پنجاب خان بیگ اعوان سے ملاقات کر کے صورتحال سے آگاہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈھڈیال پولیس امیر پور منگن میں راستہ اکھیڑنے کے ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کر سکی
چکوال: ڈھڈیال پولیس امیر پور منگن میں راستہ اکھیڑنے کے ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کر سکی اور ملزمان علاقے میں دندناتے پھر رہے ہیں ساجد حسین شاہ اور عاشق حسین شاہ وغیرہ نے امیر پور منگن کے رہائشی واصف شاہ کی ملکیتی جگہ پر راستہ اکھیڑ دیا تھا۔ اور ڈھڈیال پولیس نے سیشن جج کے احکامات پر مقدمہ درج کیا مقدمہ تو درج ہو گیا مگر پولیس نے گرفتاری عمل میں لائی جانی ضروری نہیں سمجھی۔ واصف شاہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوٹ سارنگ میں دو افراد نے جوانسال لڑکی کو اغواء کرلیا اور چار دن تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے
چکوال: کوٹ سارنگ میں دو افراد نے جوانسال لڑکی کو اغواء کرلیا اور چار دن تک اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے حالت غیر ہو جانے پر سفید کاغذات پر انگوٹھے لگوا کر دارالامان بھجوا دیا۔(س،خ) گھر میں سوئی ہوئی تھی کہ ملزمان محمد صدیق ولد شاہ نواز اور الفت حسین اسے اٹھا کر لے گئے۔ اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔چار دن تک حوا کی بیٹی جنسی درندوں کے ہاتھوں لٹتی رہی۔ ملزمان نے بعد ازاں سفید کاغذات پر انگوٹھے لگوا کر دارالامان بھجواد یا۔ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو
گرفتار کر لیاہے۔