چکوال کی خبریں 19.2013
Posted on July 20, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
موضع لکھوال کے معروف مقدمہ قتل جس میں پانچ شقی القلب ملزمان نے ہاتھ پائوں کاٹ کر بے دردی سے حافظ محمد رضوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا
(ڈسٹرکٹ رپورٹر) موضع لکھوال کے معروف مقدمہ قتل جس میں پانچ شقی القلب ملزمان نے ہاتھ پائوں کاٹ کر بے دردی سے حافظ محمد رضوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھاکی مکمل میرٹ پر تفتیش کرنے اور مختصر وقت میں ملزمان کو گرفتار کر کے چالان عدالت مین بھجوانے پر تھانہ صدر کے سب انسپکٹر محمد حسین بندیال کو ڈی پی اوچکوال کی جانب سے 10ہزار نقد اانعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا اس سلسلہ میں ڈی پی او چکوال کاشف مشتاق کانجو نے گزشتہ روز سب انسپکٹر محمد حسین بندیال کو اپنے آفس میں طلب کر کے شاندار کارکردگی پر انہیں نہ صرف خراج تحسین پیش کیا بلکہ انہیں 10ہزار نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا جو کہ محمدحسین بندیال کی پیش وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے بھی لکھوال قتل کیس میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سب انسپکٹر محمد حسین بندیال کو مبارکباد دی ہے۔ واضع رہے کہ تفتیشی محمد حسین بندیال نے قتل کیس میں ملوث تمام ملزمان کے چالان مکمل کر کے انہیں جیل بھیج دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آئیسکو آف چکوال میں پاکستان ہائیڈرو ورکرزیونین کے لیے عہدیداروں کے چنائو کے سلسلے میں ملازمین اور ہائیڈروں یونین کے کارکنوں کا اجلاس منعقد ہو
چکوال: آئیسکو آف چکوال میں پاکستان ہائیڈرو ورکرز یونین کے لیے عہدیداروں کے چنائو کے سلسلے میں ملازمین اور ہائیڈروں یونین کے کارکنوں کا اجلاس منعقد ہوا جسمیں متفقہ طور پر ریونیو آفس کیلئے چیئر مین کے عہدے کیلئے شوکت محمد(LDC) وائس چیئرمین کے لیے ساغر کمرشل اسسٹنٹ اور جنرل سیکرٹری کے عہدے کیلئے مقدس عمران(LDC) اور جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کیلئے شوکت حسین نائب قاصد کومنتخب کیا گیا اس موقع پر ہائیڈرو ورکر یونین کے منتخب ہونے والے عہدیداروں نے اپنے آفس کے ملازمین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کااظہار کیا کہ وہ انکی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور تمام ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے منتخب ہونے والے عہدیداروں نے مرکزی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انکے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایڈیشنل سیشن جج خالد محمود چیمہ نے داتا زیمکو موٹر سائیکل سنٹر پر حملہ آور ہونے ، فائرنگ کرنے لاکھوں روپے مالیت کے چودہ موٹر سائیکل اور پانچ لاکھ روپے کی نقد رقم لوٹنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ایڈیشنل سیشن جج خالد محمود چیمہ نے داتا زیمکو موٹر سائیکل سنٹر پر حملہ آور ہونے ، فائرنگ کرنے لاکھوں روپے مالیت کے چودہ موٹر سائیکل اور پانچ لاکھ روپے کی نقد رقم لوٹنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔محمد حسنین بنام ڈی پی او چکوال کے عنوان سے مقدمہ میں فاضل جج نے ایس ایچ او تھانہ سٹی چکوال کو مقدمہ کے اندراج کے احکامات جاری کیے۔محمد حسنین نے فاضل عدالت میں پٹیشن دائر کی تھی کہ مسلح ملزمان آصف سہیل،راشد سہیل، محمد سہیل، سعید صادق،امجد منظور،محمدعامر،اور دیگر نامعلوم افراد نے مسلح ہو کر داتا زیمکو موٹر سائیکل سنٹر کے سامنے ہوائی فائرنگ کی اور دکان کے اندر گھس کر لاکھوں روپے مالیت کے چودہ عدد موٹر سائیکل ،تین لاکھ روپے مالیت کا سپیئر پارٹس، اور نقد رقم لوٹ لی،ایس ایچ او سٹی نے موقعہ پر سے آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا۔ مگر انہیں سیاسی سفارش پر چھوڑ دیا گیا۔ اور مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج خالد محمود چیمہ نے چوہدری جلیل الرحمن ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد ایس ایچ او تھانہ سٹی کو احکامات جاری کیے کہ وہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ای او بی آئی سکینڈل میں کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے کے الزام میں پیپلزپارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر اور راجہ پرویز اشرف کے داماد کے بڑے بھائی راجہ ثناء الحق کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ای او بی آئی سکینڈل میں کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے کے الزام میں پیپلزپارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر اور راجہ پرویز اشرف کے داماد کے بڑے بھائی راجہ ثناء الحق کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا ہے۔ جبکہ راجہ ثناء الحق و دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔ راجہ ثناء الحق نے ساٹھ ہزار مرلہ مالیت کی زمین پندرہ لاکھ روپے فی مرلہ کے حساب سے تین کروڑ فی کنال اراضی فروخت کی۔جو ای او بی آئی کو فروخت کی گئی اور اس میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ ایف آئی اے نے مرکزی سرغنہ ظفر اقبال اور راجہ ثناء الحق ایڈووکیٹ کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔راجہ ثناء الحق ایڈووکیٹ کا دفاعی موقف میں کہنا ہے کہ تمام الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔راجہ ثناء الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی تک انہیں مقدمہ کے اندراج کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
روزنامہ الشرق کی خبر پر ایکشن کمشنر راولپنڈی خالد مسعود چوہدری نے چکوال اور بلکسر میں لگائے گئے رمضان بازاروں کا دورہ کیا
چکوال (اعجاز بٹ )روزنامہ الشرق کی خبر پر ایکشن کمشنر راولپنڈی خالد مسعود چوہدری نے چکوال اور بلکسر میں لگائے گئے رمضان بازاروں کا دورہ کیا، ڈی سی او چکوال یاور حسین، اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ سیف نیازی اور ای ڈی او زراعت لیاقت علی سلہری بھی ہمراہ تھے۔کمشنر راولپنڈی نے مختلف سٹالوں کامعائنہ کیا۔ اور ریٹ اور کوالٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ آٹا315روپے میں فراہم کیا جا رہاہے۔ اورتمام اشیائے خوردونوش کی ایک ہی جگہ پر فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے اس موقع پر بتایا کہ پنجاب حکومت نے چار ارب روپے رمضان پیکج کے لیے مختص کیے ہیں تاکہ عوام کو روزمرہ اشیاء کی فراہمی سستے داموں یقینی بنائی جا سکے، کمشنر راولپنڈی نے ڈی سی او چکوال کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کے ساتھ ٹائلٹ اور پارکنگ کے انتظامات کو بھی یقینی بناا جائے۔ کمشنر راولپنڈی نے بلکسررمضان بازار کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او چکوال کو ہدایت کی کہ رمضان بازار مین روڈ کے ساتھ شفٹ کیا جائے۔کمشنر خالد مسعود چوہدری نے ڈی سی او چکوال اور دیگر افسران کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو روزمرہ ضرورت کی اشیاء مناسب داموں فراہمی اور کوالٹی بہترین بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں۔اور ناجائز منافع خوری کی اطلاعات پر فوری ایکشن لیں۔