چکوال کی خبریں 8.04.2013
Posted on April 9, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
سردار غلام عباس نے اتوار کے روز بلکسر، بکھاری کلاں کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات اس حوالے سے بڑے اہم ہیں
چکوال (اعجاز بٹ) آزاد پینل کے سربراہ اور سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس نے اتوار کے روز بلکسر، بکھاری کلاں کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات اس حوالے سے بڑے اہم ہیں کہ عوام نے اس بات کا تعین کرنا ہے کہ کن لوگوں نے اقتدار میں اُن کی خدمت کی ہے اور وہ کون لوگ ہیں جو اقتدار میں آئے تو اُنہوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا۔ سردار غلام عباس نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کے نظام میں میرے 6 سالہ دور میں ضلع چکوال میں جو ترقی ہے اُس نے اس علاقے کی پسماندگی ختم کر دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ چکوال اس وقت پنجاب کے چند بڑے اضلاع میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تمام تمام ترقیاتی منصوبے روک لئے جس کی وجہ سے ضلع چکوال کی تعمیر و ترقی بُری طرح سے متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تھوہا بہادر میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹیکنیکل کالج ابھی تک کام شروع نہیں کر سکا اور اس کی وجہ یہی ہے کہ یہ منصوبہ ہم نے مکمل کرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ہماری سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہے اور آنے والے الیکشن میں تمام چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع چکوال میں اتوار کے روز بجلی کا طویل ترین بریک ڈاؤن جاری ہے
چکوال (اعجاز بٹ) ضلع چکوال میں اتوار کے روز بجلی کا طویل ترین بریک ڈاؤن جاری ہے۔ گذشتہ رات 11 بجے سے لے کر صبح ساڑھے 6 بجے تک ضلع چکوال کی بجلی مکمل طور پر بند رہی اور اب اتوار کے روز دن 11 بجے سے لے کر تا دم تحریر بجلی کا بریک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو گیا ہے۔ بجلی کے کاروبار سے وابستہ لوگ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں جبکہ دُوسری طرف بتایا جا رہا ہے کہ یہ صورت حال الیکشن تک یوں ہی برقرار رہے گی۔ اُدھر اتوار کے روز ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) قصبہ میاںمائر میں اتوار کے روز ذیلدار فارم ہاؤس کے درو دیوار خوبصورت نعتوں سے گونج اُٹھے کہ یہاں پر سالانہ محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ایوان صدر کے قاری نجم مصطفی نے کی جبکہ معروف نعت خوان عبدالرزاق جامی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے نامور نعت خوانوں جن میں قاری محمد عمر نقشبندی، محمد عمر مجددی، راشد رضا قادری، خالد حسنین خالد، قاری محمد شہزاد، سید الطاف حسین قادری نے حضور اکرمۖ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ معروف لوک فنکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی اپنے ماموں کی وفات کی وجہ سے شریک نہ ہو سکے۔ میلاد کے تمام انتظامات حاجی چوہدری محمد شفقت محمود کی نگرانی میں سجاد حیدر نمبردار، پاہیا غلام صفدر، چوہدری اختر محمود ، چوہدری خضر ، چوہدری علی اصغر ، چوہدری حامد اور بدر ازسلام بدر نے مکمل کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ مکمل ہو گیا
چکوال (اعجاز بٹ) ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ مکمل ہو گیا۔ اس جانچ پڑتال میں آرٹیکل 62-63کا بڑا شکار مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی ایاز امیر بنے ہیں جس سے پورے ملک میں ایک طوفان برپا کرنے کی کوشش کی گئی ہے مگر جوں جوں فاضل ریٹرننگ افسر کے حکم کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہوئی ہیں صورتحال یکسر تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ میڈیا اور سول سوسائٹی کے 70فیصد نام نہاد روشن خیال اسلامی جمہوری پاکستان کو ایک سیکولر سٹیٹ میں تبدیل کرنے کے ایک بڑے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف آئین اور قانون کی بالادستی اور اسلام کی سر بلندی کیلئے کچھ جانثار بھر پور طریقے سے ان خود ساختہ روشن خیالوں کے سامنے دیوار بنے ہوئے ہیں ۔ادھر تمام بڑے سیاسی جماعتیں بھی ٹکٹوں کے درمیان الجھ چکی ہیں۔ اس وقت سوائے مسلم لیگ ق کے حلقہ بیس کے امیدوار چوہدری محمد علی کے علاوہ کسی کے پاس پارٹی ٹکٹ نہیں ہے اور تمام جماعتوں کے امیدوار اس وقت بے ٹکٹ مسافروں جیسی صورتحال سے دوچار ہے ابھی تک کوئی باضابطہ انتخابی مہم شروع نہیں ہو سکی ہے۔ مسلم لیگ
ن کا سب سے بڑا مسئلہ حلقہ این اے ساٹھ ہے جس کیلئے ریٹرننگ افسر کے فیصلے نے ایاز امیر کے بھاری بھرکم پتھر پر کاری ضرب لگائی ہے بظاہراً حلقہ این اے ساٹھ پاکستان تحریک انصاف نے راجہ یاسر سرفراز کو گرین سگنل دے رکھا ہے مگر پیر شوکت حسین کرولی بھی پر امید ہیں راجہ ثناء الحق ایڈووکیٹ کو یقین ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کی کوئی ایڈ جسٹمنٹ نہیں اور پیپلزپارٹی کے وہ خود امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ق کے سردار خرم نواب بھی این اے ساٹھ پر ٹکٹ لیے بیٹھے ہیں اگر اس وقت کوئی امیدوار یقینا پوزیشن پر ہے تو وہ آزاد پینل کے سردار غلام عبا س ہیں جنہوں نے حلقہ این اے ساٹھ اور پی پی بائیس پر اپنی طوفانی انتخابی مہم شروع کر کے اپنے مخالف امیدواروں پر نفسیاتی برتری حاصل کر لی ہے دوسری طرف شیخ وقار علی آزا دامیدوار کی حیثیت سے حلقہ پی پی بیس پر بھر پور پیش قدمی میں ہے ملک تنویر اسلم عدالتی لڑائی ابھی فارغ ہوئے ہیں چوہدری پرویز الٰہی بھی کلیئر ہو گئے۔ اس حوالے سے میدان سجانے کیلئے اب صرف پارٹی کے ٹکٹوں کا انتظار ہے اور پھر اس کے بعد سیاسی غدر مچے گا اور سب کو اپنی اپنی پڑ جائے گی۔ بہرحال صورتحال بڑی دلچسپ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک مضمون میں فیل ہونے والے سینکڑوں بچوں کو پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحان میں فیل ہونے پر فیل قرار دے دیا گیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایک مضمون میں فیل ہونے والے سینکڑوں بچوں کو پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحان میں فیل ہونے پر فیل قرار دے دیا گیا حالانکہ کچھ ذہین بچے ایسے بھی ہیں کہ باقی مضامین میں 550 نمبروں میں سے 400 نمبر حاصل کرنے والے بھی فیل قرار دے دئیے گئے ہیں۔ پنجاب ایگزمنیشن لاہور کی ظالمانہ پالیسی کی وجہ سے بچوں کے والدین سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ قصبہ بھون کا ایک بچہ 964 نمبر لے کر پاس ہے جبکہ 400 سے زائد نمبر لینے والا بچہ فیل قرار دیا گیا ہے۔ محمد اشرف، سجاد حسین، غلام اصغر، ظفر اقبال وغیرہ نے پنجاب حکومت اور ایگزمنیشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بچوں کے رزلٹ پر نظر ثانی کریں اور اُنہیں اگلی کلاس میں ترقی دی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک تحفظ پاکستان کے حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار کرنل (ر) محمد سعید نے اتوار کے روز بتایا کہ سابقہ حکمرانوں نے قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے
چکوال (اعجاز بٹ) تحریک تحفظ پاکستان کے حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار کرنل (ر) محمد سعید نے اتوار کے روز بتایا کہ سابقہ حکمرانوں نے قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے اور اس وقت قوم کو ڈاکٹر عبد القدیر خان جیسی قیادت کی ضرورت ہے جو قوم کو موجودہ گرداب سے باہر نکال سکتی ہے۔ وہ قصبہ خیرپور، دوالمیال، ڈلوال، چوآسیدن شاہ، رتوچھہ، بشارت میں اپنی رابطہ مہم کے سلسلے میں عمائدین سے گفتگو کر رہے تھے۔ کرنل (ر) محمد سعید نے مزید کہا کہ خیبر سے کراچی تک عوام تحریک تحفظ پاکستان کے اُمیدواروں کو کامیاب کریں گے اور 11 مئی کو انتخابی نشان میزائل پر مہر لگائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تنظیم الاخوان کے امیر مولانا اکرم اعوان نے کہا ہے کہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں کو آگے لائیں جو ملک و قوم کے لئے بہتر ثابت ہوں
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) تنظیم الاخوان کے امیر مولانا اکرم اعوان نے کہا ہے کہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں ایسے لوگوں کو آگے لائیں جو ملک و قوم کے لئے بہتر ثابت ہوں ۔ دارالعرفان منارہ کلر کہار میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اکرم اعوان نے کہاکہ ملک سے بدامنی فحاشی اور ناانصافی کاخاتمہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ موجودہ حالات کے ذمہ دار عوام خود بھی ہیں کیونکہ یہ ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے کہ اس طرح کے حکمران ہم پر مسلط ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انتخابات میں کسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہ کی جائے۔ امیدواروں کے کردار اور پارٹی منشور کو مد نظر رکھتے ہوئے ووٹ دیئے جائیں۔ اس موقع پر وطن عزیز میں امن اور سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیئرمین حرا ایجوکیشن میاں محمد اکرم نے کہا ہے کہ قرآن حکیم کی پہلی وحی کی ابتدائی پڑھ کے لفظ سے ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین حرا ایجوکیشن میاں محمد اکرم نے کہا ہے کہ قرآن حکیم کی پہلی وحی کی ابتدائی پڑھ کے لفظ سے ہے، یہی وجہ ہے کہ حرا ایجوکیشن سسٹم میں قرآنی تعلیمات کو اولیت حاصل ہے۔ وہ حرا سیکنڈری سکول چکوال میں یوم والدین میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ای ڈی او ایجوکیشن ضلع چکوال ایاز طارق اور سابق ڈپٹی ڈی ای او نعمان مرزا بھی موجود تھے۔ سپاسنامہ پرنسپل ذوالفقار حسین نے پیش کیا جبکہ چیئرمین حرا سیکنڈری سکول چکوال ظفر اقبال نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نصابی کتب سے اسلامی اور ملی ابواب کے اخراج کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔ تقریب کے آخر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ٹیبلو، کلام اقبال اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔