چکوال میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تئیس گھنٹے تک جا پہنچا
Posted on June 13, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
چکوال : چکوال میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تئیس گھنٹے تک جا پہنچا جبکہ کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ بجلی خراب ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، واپڈا افسران نے عوام کو تنگ کرنا وطیرہ بنا لیا۔ چکوال اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی بندش تئیس گھنٹے تک کی جا رہی ہے۔
جو کہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لوگوں نے نومنتخب حکومت کو کوسنا شروع کر دیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے حلف اٹھانے سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ چارج سنبھالنے کے فوراً بعد بجلی کے بارے قوم کو خوشخبری دینگے مگر ان کے چارج سنبھالتے ہی لوڈ شیڈنگ کم ہونے کی بجائے دو، چار گھنٹے بڑھ گئی ہے دوسری جانب کئی علاقوں میں بجلی خراب ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دو دو چار چار دن واپڈا کا عملہ لوگوں کی بجلی ٹھیک کرنیکی طرف توجہ نہیں دیتا۔ کئی محلوںمیں ٹرانسفارمر کئی کئی ہفتوں سے خراب پڑے ہیں اورلوگ جانوروں جیسی زندگی بسر کرنے پرمجبور ہیں ستم ظریفی کی انتہاء یہ ہے کہ یوٹیلٹی بلوں پر دئیے گئے نمبر افسران بالا یا اہلکار اٹینڈ کرنا گوارہ نہیں کرتے اگر کوئی غلطی سے اٹینڈ ہو جائے تو عوام کو گالیاں نکالی جاتی ہیں۔
یوٹیلٹی بل پر لکھے گئے دو نمبر جن میں سے ایک موبائل اور دوسرا وی وائرلیس ہے کبھی آن نہیں ملے۔ ایس ڈی او سٹی فون اٹینڈ کرنا گوارہ نہیں کرتے اگر غلطی سے اٹینڈ کر لیں تو صارفین کو دوچاردن انتظار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ عوام نے واپڈا کی زیادتیوں کیخلاف شدید احتجاج کیا ہے۔