چکوال کی خبریں 11.04.2013

ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ابھی تک کوئی بڑی انتخابی سر گرمی دیکھنے کو نہیں ملی ہے

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ابھی تک کوئی بڑی انتخابی سر گرمی دیکھنے کو نہیں ملی ہے جس کے بڑی وجہ یہ ہے کہ تینوں بڑی جماعتوں نے ابھی تک اپنے امیدواروں کا ہی اعلان نہیں کیا ہے ٹکٹوں کی تقسیم میں تاخیر کی وجہ سے امیدواروں میں بددلی پھیل رہی ہے اور نہ ہی ابھی تک کوئی منظم اور مربوط انتخابی مہم شروع ہو سکی ہے ۔ تمام امیدوار پارٹیوں سے ہٹ کر انفرادی رابطہ کر رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کو این اے ساٹھ پر ٹکٹ کا اعلان دشواری پیش کر رہا ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، میجر (ر) طاہر اقبال اور ایاز امیر میں سے پارٹی قیادت نے ایک کا فیصلہ کرنا ہے اور یہ فیصلہ 16اپریل کو ہونا ہے پاکستان تحریک انصاف بھی مختلف تاریخیں دینے کے باوجود اپنے امیدوار سامنے نہیں لا سکی ۔ این اے ساٹھ پر پیر شوکت حسین کرولی او ر راجہ یا سرفراز کے درمیان ٹائی ہے مسلم لیگ ق اور پیپلزپارٹی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہونے کے باوجود ابھی تک کوئی واضع فیصلہ نہیں ہوا جبکہ چوہدری پرویز الٰہی نے آزاد پینل سردار غلام عباس کے ساتھ تین نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ کر لی ہے ۔ راجہ ثناء الحق ایڈووکیٹ ، شاہجہاں سرفراز راجہ ، راجہ اسد ایڈووکیٹ ، فوزیہ بہرام ، ڈاکٹر علی حسنین نقوی نے انفرادی طور پر اپنے عوامی رابطے شروع کر رکھے ہیں اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ابھی تک کوئی واضع صورتحال نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال میں واٹر شیڈ پراجیکٹ کی سہ ماہی کارکردگی اور آئندہ تین ماہ کیلئے لائحہ عمل کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال میں واٹر شیڈ پراجیکٹ کی سہ ماہی کارکردگی اور آئندہ تین ماہ کیلئے لائحہ عمل کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اجلاس میں USDAاور ICARDAکے مندوب ڈاکٹر بخرا ، ڈاکٹر عبدالمجید اور ڈاکٹر اشرف کے علاوہ پراجیکٹ سے متعلقہ مختلف زرعی اداروں کے نمائندوںنے شرکت کی ۔ ان اداروں میں بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ (بادی ) چکوال ،
تحقیقاتی ادارہ برائے تحفظ آب واراضی (ساکری) چکوال ، این اے آر سی اسلام آباد ، واٹر منیجمنٹ ریسرچ سنٹر فیصل آباد ، واٹر منیجمنٹ ریسرچ سنٹر پشاور ، سوشل سائنسز ریسرچ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد، سوشل سائنسز رریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد شامل ہیں ۔ ڈاکٹر محمد طارق ڈائریکٹر باری چکوال نے شرکاء کو باری اور ساکری کے فیلڈز کا دورہ کرایا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر شاہجہاں سرفراز راجہ اور امیدوار پی پی بیس
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر شاہجہاں سرفراز راجہ اور امیدوار پی پی بیس اور امیدوار حلقہ این اے ساٹھ راجہ نثاء الحق ایڈووکیٹ اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی چکوال وحید احمد ملک نے حلقہ کے مختلف دیاہت میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے پاس عوام کی بہتری اور بھلائی کیلئے کوئی پروگرام نہیں پیپلزپارٹی نے چکوال کے عوام کی بہتری کیلئے بے شمار اقدامات کیے اور حلقہ میں بجلی ، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی کام ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ہم نے ہار کر بھی عوام کی خدمت کی جبکہ یہاں سے جیتنے والوں نے کچھ نہیں کیا پیپلزپارٹی عوام کی آواز ہے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے پیپلزپارٹی آمد الیکشن بھر پور کامیابی حاصل کر کے دوبارہ حکومت بنائے گی انہوں نے کہا کہ چکوال میں بھی جیت پیپلزپارٹی کی ہو گی ۔ 11مئی کو پیپلزپارٹی کی فتح کا دن ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزاد پینل کے سربراہ سردار غلام عباس کی طوفانی انتخابی مہم شروع ہو گ
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)آزاد پینل کے سربراہ سردار غلام عباس کی طوفانی انتخابی مہم شروع ہو گی ۔ جمعرات کے روز قصبہ ڈوہمن میں ملک شوکت رفیق نے بڑے اجتماع کا اہتمام کیا جس میں عمائدین علاقہ نے بھر پور شرکت کی ۔ سردار غلام عباس نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسلا یونیورسٹی سب کیمپس کا قیام ضلع چکوال میں فنی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی بنیاد ہم نے رکھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دوستوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں مخالفین کو چاہیے کہ عوامی عدالت میں آئیں ۔ اس موقع پر بلال رفیق ، سابق رکن ضلع
کونسل ملک خالد بھی موجود تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ملک یونس نے سرانجام دئیے ۔ سابق یونین ناظم ڈہمن چوہدری امین ، ملک نذیر ، سابق کونسل چوہدری لیاقت ، چوہدری شاہد ، ملک ممتاز ، ماسٹر انور اورملک رزاق ، مرزا مقبول اور ماسٹر صفدر بھی موجود تھے ۔ بعدازاں ملہال مغلاں میں راجہ عرفان ، مرزا اکبر ، مرزا حسیب ، راجہ حبیب الرحمن اور مرزا ایاز نے سردار عباس کے الیکشن آفس کا قائم کیا جس کا افتتاح سردار غلام عباس نے کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار غلام عباس نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی اور ہمیشہ صبر کا دامن تھامے رکھا ہے انہوں نے کہا کہ گیارہ مئی کو عوام کی دعائوں اور تعاون سے بھر پور کامیابی حاصل کرینگے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ملہال مغلاں کالج کا فرنیچر بھی روک لیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گزشتہ 30سالوں سے مشرقی پاکستان سے آنے والا خاندان پاکستانی ہونے کے باوجود اپنا شناختی کارڈ نہ بنوا سکا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)گزشتہ 30سالوں سے مشرقی پاکستان سے آنے والا خاندان پاکستانی ہونے کے باوجود اپنا شناختی کارڈ نہ بنوا سکا اور نادرہ دفتر کے چکر لگا لگا کر پائوں میں چھالے پڑ چکے ہیں ۔ متاثرہ خاتون نرگس ظفر دختر ظفر احمد نے بتایا کہ اس کے ماں باپ ظفر احمد اور زہرا بی بی 1981ء میں بنگلہ دیش سے پاکستان آئے اور چکوال رہائش اختیار کی ۔ نادرا نے میرے والدین ظفر احمد اور زہرا بی بی کے شناختی کارڈ جاری کر دئیے مگر میرا (نرگس ظفر )کا شناختی کارڈ جاری نہیں کیا ۔ نرگس ظفر کے اب دو بچے حیدر علی اور عبداللہ بے فارم نہ ہونے کی وجہ سے حصول تعلیم سے بھی محروم ہو رہے ہیں حیدر علی 9ویں جماعت کا طالبعلم ہے ، سکولوں میں داخلے کیلئے بے فارم درکار ہے مگر نادراہٹ دھڑمی پر قائم ہے اور مختلف حیلے بہانوں سے چکر پر چکر لگوا رہا ہے نرگس ظفر نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ اس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے حلقہ این اے اکسٹھ پر ظفر اعوان اور پی پی بیس پر راشد گل کو ٹکٹ جار ی کر دیا ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے حلقہ این اے اکسٹھ پر ظفر
اعوان اور پی پی بیس پر راشد گل کو ٹکٹ جار ی کر دیا ہے ۔ ایم کیوم ایم کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع چکوال کی باقی چار نشستوں پر بھی ایک دو روز میں پارٹی ٹکٹ جاری کر دئیے جائیں گے ۔ ایم کیو ایم بھر پور طریقے سے تمام چھ نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا پیغام گھر گھر پہنچائیے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
برطانیہ میں مقیم چکوالی ریاض اختر خان 12اپریل کو گیارہ بجے دن چکوال پریس کلب میں اظہار خیال کرینگے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)برطانیہ میں مقیم چکوالی ریاض اختر خان 12اپریل کو گیارہ بجے دن چکوال پریس کلب میں اظہار خیال کرینگے ۔ ریاض خان گزشتہ 50سال سے برطانیہ میںمقیم ہے اور وہاں پر سماجی خدمات جن میں بزرگوں اور معذوروں کی ویلفیئر شامل ہے اس پر انسانیت کی بھر پور خدمت کی ہے ۔ اپنے تجربات اور تجاویز پیش کرینگے ۔ سیکرٹری جنرل پریس کلب محمد خان عاقل نے اس ضمن میں تمام ممبران سے استدعا کی ہے کہ وہ اپنی حاضر ی یقینی بنائیں۔