چکوال کی خبریں 13.04.2013

آزاد پینل کے سربراہ اور حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار سردار غلام عباس نے ہفتے کے روز بتایا کہ گذشتہ 5 سالوں میں یہاں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد پینل کے سربراہ اور حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار سردار غلام عباس نے ہفتے کے روز بتایا کہ گذشتہ 5 سالوں میں یہاں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا اور یہی وجہ ہے کہ آج وہ عوام کے سامنے آنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ ہم نے عوام کی ہمیشہ خدمت کی ہے چاہے ہم اقتدار میں ہوں یا اقتدار سے باہر ہوں اپنے ساتھیوں اور عوام سے کبھی رابطہ نہیں توڑا۔ وہ محلہ ڈب روڈ کی اہم برادری کی طرف سے سردار غلام عباس کی ذاتی حمایت کے اعلان کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق کونسلر بابو افتخار کی سربراہی میں مشتاق جٹ، ملک بوٹا، چوہدری شاہد اقبال اور دیگر معززین نے یقین دلایا کہ 11 مئی کو سردار غلام عباس کو بھرپور طریقے سے کامیاب کرائیں گے۔ اس موقع پر سابق تحصیل ناظم چکوال سردار آفتاب اکبر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹی پولیس چکوال نے ڈاکوؤں کے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے اُن سے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم، زیورات، موبائل ٹیلی فون بھی برآمد کر لیے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سٹی پولیس چکوال نے ڈاکوؤں کے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے اُن سے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم، زیورات، موبائل ٹیلی فون بھی برآمد کر لیے۔ ڈی پی او چکوال احمد ارسلان ملک نے شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے ڈی ایس پی صدر سرکل ریاض احمد چیمہ اور ایس ایچ او خان شبیر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ مخبر کی اطلاع پر ٹیم نے بلدیہ سٹیڈیم چکوال کے قریب ڈکیتی کی نیت سے بیٹھے 4 اشخاص محمد یونس ولد عبد العزیز ساکن منڈی بہاؤ الدین، محمد حنیف بھولا ولد محمد صدیق ساکن شیخوپورہ، ندیم سجاد ولد غلام سجاد ساکن جبیرپور، محمد منصور ولد محمد بشیر ساکن نیلہ کو گرفتار کر لیا جبکہ گروہ کا پانچواں ساتھی محمد ریاض ولد عبد العزیز ساکن منڈی بہاؤ الدین رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔ ڈی ایس پی ریاض احمد چیمہ نے ہفتے کے روز اخبار نویسوں کو بتایا کہ ملزمان نے چکوال، منڈی بہاؤ الدین اور
راولپنڈی میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزمان سے رائفل پمپ ایکشن بارہ بور برآمد کی گئی ہے۔ اس موقع پر ایس ایچ او خان شبیر نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید برآمدگیاں بھی متوقع ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ سڈھانڈی تحصیل چوآسیدن شاہ کے 122 ملازمین غریب وال سیمنٹ فیکٹری کو بیک جنبش قلم فیکٹری سے نکال دیا گیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) قصبہ سڈھانڈی تحصیل چوآسیدن شاہ کے 122 ملازمین غریب وال سیمنٹ فیکٹری کو بیک جنبش قلم فیکٹری سے نکال دیا گیا جس کے نتیجے میں پورے گاؤں میں اس وقت فاقہ کشی کے ڈیرے ہیں اور پورا گاؤں سیمنٹ فیکٹری کے خلاف سراپا احتجاج بن گیا ہے اور ہفتے کے روز پورا گاؤں جن میں بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین شامل ہیں نے سیمنٹ فیکٹری انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور فیکٹری انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ غریب وال سیمنٹ فیکٹری گذشتہ 50 سال سے گاؤں کی ملکیتی زمینوں سے لائن سٹون اور دیگر سیمنٹ میں استعمال ہونے والی معدنیات حاصل کر رہی ہے اور ایک معاہدے کے تحت سیمنٹ فیکٹری نے بطور رائلٹی علاقے کے 120 ملازمین کو نوکریاں دینے کا معاہدہ کر رکھا ہے اور جب معاہدے کی تجدید اور توسیع کی گئی تو اُس میں اُس وقت کے ایم این اے ایاز امیر اور ناظم یونین کونسل آڑہ صدق حسین چوہدری اور غریب وال سیمنٹ فیکٹری کے منیجر میجر ہارون رشید کے دستخط موجود ہیں۔ اب ایک مارشلائی حکم کے ذریعے ملازمین کو فیکٹری سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ گاؤں کے سرکردہ لوگوں قاضی جمشید، سخاوت نمبردار، سکندر نمبردار، فیضان، غلام حیدر، حاجی مرتضیٰ، صوبیدار ظہور اور حاجی لطیف نے بتایا کہ اب تک سیمنٹ انتظامیہ گاؤں کے لوگوں کے خلاف متعدد جھوٹے مقدمات درج کرا چکی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ سیمنٹ فیکٹری کی انتظامیہ نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے تمام معاہدے منسوخ کئے ہیں اور گاؤں کی اکثریت کا ذریعہ معاش کھیتی باڑی اور مال مویشی تھا مگر سیمنٹ فیکٹری کی مائننگ کی وجہ سے زیر کاشت رقبہ ناقابل استعمال ہو چکا ہے۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیمنٹ فیکٹری کو معاہدے پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے۔
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار راجہ یاسر سرفراز نے کہا ہے کہ تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں اور ضلع چکوال کے
باشعور عوام 11 مئی کو اس فرسودہ نظام کے خلاف ایک بھرپور جذبے اور جنون کے ساتھ گھروں سے باہر نکلیں گے۔ وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں قصبہ تترال میں الیکشن آفس کا افتتاح کرنے کے بعد بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ افتتاح کے موقع پر ممتاز بھٹی اور سابق ناظم یونیں کونسل ڈب چوہدری افتخارعلی خان بھی راجہ یاسرہمایوں سرفراز خان کے ہمراہ موجود تھے۔ افتتاح کے فورابعدانصاف یوتھ ونگ تترال کی جانب سے کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میںاہلیان تترال نے پاکستان تحریک انصاف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اہلیان تترال کی نمائندگی کرتے ہوئے راجہ ارشد محمود جنجوعہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن ہیں اور عمران خان کے ایک اشارے پر جاں نثار کرنے کیلئے ہر وقت تیا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی کے ہر فیصلے کودلی طور پرقبول کرتے ہیںاور ہمارے لئے عمران خان کاہر فیصلہ بے حد اہمیت رکھتا ہے اور انشاء اللہ گیارہ مئی کا سورج تحریک انصاف کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگااور ملک میں تبدیلی کا دور شروع ہوگا۔ اس موقع پر ممتاز خان بھٹی نے عوام سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل عوام کے پاس کوئی متبادل موجود نہیں تھا لیکن اب عمران خان کی صورت میں موجود ہے اور انشاء اللہ اب تبدیلی آئے گی انصاف کا راج ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار حلقہ پی پی 20 چوہدری لیاقت علی خان کی پوزیشن مزید بہتر ہو گئی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار حلقہ پی پی 20 چوہدری لیاقت علی خان کی پوزیشن مزید بہتر ہو گئی۔ سابق ناظم یونین کونسل ملہال مغلاں راجہ ارشد محمود دھروگی اور سابق یونین ناظم جنڈ خانزادہ صوفی مشتاق حسین بھٹی نے چوہدری لیاقت علی خان کی حمایت کا اعلان کر دیا اور چوہدری لیاقت گروپ میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر دھروگی میں منعقد ہونے والی تقریب میں صوبیدار راجہ محمد یوسف، نمبردار ظفر اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔