چکوال کی خبریں 14.05.2013
Posted on May 14, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
انتخابات میں این اے ساٹھ و پی پی بائیس و این اے ساتھ میں عوام و سپورٹر نے جس طرح گروپ کا ساتھ دیا ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حلقہ این اے ساٹھ و پی پی بائیس سے آزاد پینل کے امیدوار سردار غلا م عباس خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں این اے ساٹھ و پی پی بائیس و این اے ساتھ میں عوام وسپورٹر نے جس طرح گروپ کاساتھ دیا ہے میں اسکا قرض نہیں چکا سکتا ۔سپورٹرز اعتماد رکھیں انکو اکیلا نہیں چھوڑوںگا ۔ وہ کیمپ آفس میں عمائدین علاقہ کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ ن لیگ کی مقامی قیادت نے روایتی انداز سیاست میں ہمیشہ مخالفین کیخلاف ریاستی طاقت کا استعمال کیا مگر میں اپنے گروپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں ایسے کسی بھی ہتھکنڈے کیخلاف انکی ڈھال بنو ںگا ۔ الیکشن میں ہار جیت سیا ست کا حصہ ہے ۔ نتائج کو تسلیم کرنے مستقبل میں گروپ کی مظبوطی و بہتری کیلئے بھر پور انداز میں نہ صرف کام کرنیگے بلکہ اپوزیشن کا کردار بھی احسن طریقے سے نبھائینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ نے میاں نواز شریف کو اُن کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دینے کے بعد مشورہ دیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ نے میاں نواز شریف کو اُن کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دینے کے بعد مشورہ دیا ہے کہ آپ سابق و حاضر سروس آرمی افسران کے خلاف بیان بازی نہ کریں اور انکے خلاف معاملات کو عدالتوں پر چھوڑدیں۔ وہ کراچی سے چکوال پریس کلب (رجسٹرڈ) میں ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں ماضی کی طرح اقلیت کواکثریت پر حکومت کرنے سے گریز کیا جائے تو بہت ہی بہتر ہوگا اس لئے دوسرے صوبوں میں اکثریت حاصل کرنیوالی جماعتوں کو حکومت بنانے دیں تو اس اقدام سے آپ کو بہت زیادہ سیاسی فائدہ حاصل ہو گا۔ گزشتہ حکومت میں سابق آرمی افسران کے خلاف فارم ہائوس کیس’ N.L.C. کیس’ اصغر خان کیس میں فیصلے آئے مگر حکومت نے ان کے خلاف کچھ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بھی اُمید کرتا
ہوں کہ آپ بردباری’ صبر اور برداشت کا مظاہرہ کریں گے جس طرح زرداری صاحب نے حاضر و سابق فوجی افسران کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی سے پرہیز کرکے اپنی مدت پوری کی۔ اﷲ تعالیٰ نے آپ کو اقتدار دیا ہے اس لئے آپ بردباری کا مظاہرہ کریں۔ آپ نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ”اگر اﷲ نے مجھے کامیاب کیا تو چونکہ زرداری صاحب آئینی و قانونی صدر ہیں اس لئے میں زرداری صاحب سے حلف لوں گا”۔ اﷲ نے آپ کو اقتدار دیا اورعمرا ن خان نے زرداری صاحب سے حلف نہ لینے کا اعلان کیا تو ان کواقتدار ہی نہیں ملا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نورالمصطفیٰ نورانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات کرانے میں ناکام ہو گیا ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نورالمصطفیٰ نورانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات کرانے میں ناکام ہو گیا ہے۔ٹھپہ مافیا اپنا کام دکھا گیا ہے۔دیانتدار لوگوں کو اسمبلی سے باہر رکھنے کی خصوصی سازش کی گئی۔جیتنے والے ملک کے استحکام اور عوام کو مسائل سے نجات دلانے کے لئے کام کریں ہم رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نورالمصطفیٰ نورانی نے جے یو پی فیصل آباد کے سیکرٹری اطلاعات عبدالستار نورانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نورالمصطفیٰ نورانی نے کہا کہ اس الیکشن میں نوجوانوں کا کردار قابل تحسین ہے لیکن الیکشن کمیشن کے عملہ کی طرف سے نارروا سلوک سے ان کی سو چ اور فکر پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔جے یوپی کے راہنما نے کہا کہ کراچی کے انتخابات کو فی الفور کا لعدم قرار دیکر فوج کی زیر نگرانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا جائے۔کراچی میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے مسلح گروہوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ معیشت کے گڑھ کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرا کر پر امن ماحول میں لوگوں کو زندگی بسر کرنے کا حق دیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق یونین نائب ناظم بھرپور محمد اکبر خان نے کہا ہے کہ میجر (ر) طاہر اقبال جیسے دیانت دار شخص کی سیاست میں واپسی نیک فال ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سابق یونین نائب ناظم بھرپور محمد اکبر خان نے کہا ہے کہ میجر (ر) طاہر اقبال جیسے دیانت دار شخص کی سیاست میں واپسی نیک فال ہے لہٰذا طاہر اقبال فوری طور پر تھانے اور پٹواری کلچر کو تبدیل کریں کیونکہ گذشتہ دور میں تھانے دار، پٹواری اور تحصیل دار بدعنوانیوں کے ذریعے کروڑوں روپے کے مالک بن چکے ہیں۔ انہوں نے نواز شریف سے بھی اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ کرپشن سے پاک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے اور تلہ گنگ میں میاں نواز شریف نے میڈیکل کالج اور چکوال میں میاں شہباز شریف نے یونیورسٹی بنانے کے جو وعدے کئے ہیں وہ اُس پورا اُتریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
3 لاکھ 20 ہزار روپے کا جعلی چیک دینے والے جعلساز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) 3 لاکھ 20 ہزار روپے کا جعلی چیک دینے والے جعلساز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ محمد اسلم ولد مولا بخش نے سٹی پولیس چکوال کو بتایا کہ حامد نے مکان کی تعمیر کے لئے سریا لیا جس کی کچھ رقم ادا کی جبکہ باقی رقم 3 لاکھ 20 ہزار روپے کا چیک دیا جسے کیش کرانے کے لئے بینک بھیجا گیا تو ڈس آنر ہو گیا۔ اے ایس آئی عبد الجلیل نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ منہالہ تھانہ چوآسیدن شاہ کے علاقے میں 6 افراد نے گھر میں داخل ہو کر خاتون کو مارا پیٹا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) قصبہ منہالہ تھانہ چوآسیدن شاہ کے علاقے میں 6 افراد نے گھر میں داخل ہو کر خاتون کو مارا پیٹا اور اُس کی قمیض پھاڑ دی۔ عطیہ بتول زوجہ محمد امان نے پولیس کو بتایا کہ اُس کی بہن تسلیم قصبہ منہالہ میں شادی شدہ ہے جس نے بذریعہ فون اطلاع دی کہ اُس کے دیور سجاد نے اُسے مارا ہے۔ وہ ہمراہ والدہ، چھوٹی بہن سعدیہ نورین، تسلیم کے گھر گئیں، وہاں پر ملزمان سجاد، آزاد، شہباز، صائقہ زوجہ سجاد، سکینہ بیگم اور شہزاد نے اُنہیں مارا پیٹا اور اُس کی قمیض پھاڑ
دی، وجہ عناد گھریلو جھگڑا ہے۔ سب انسپکٹر کاظم حسین نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔