چکوال کی خبریں 16.04.2013

ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور ہونے کے خلاف اپیلوں کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آنا شروع ہو گئی ہے

چکوال (اعجاز بٹ) ضلع چکوال میں دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور ہونے کے خلاف اپیلوں کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آنا شروع ہو گئی ہے۔ کسی بھی قابل ذکر اُمیدوار کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا گیا۔ الیکشن ٹریبونل میں سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس، شیخ وقار علی اور دیگر اُمیدواروں کے خلاف اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔ ضلع چکوال میں حلقہ این اے 60 پر مسلم لیگ (ن) نے سابق وفاقی وزیر میجر (ر) طاہر اقبال کو ٹکٹ جاری کر دیا جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی ایاز امیر کو پارلیمانی بورڈ نے متفقہ طور پر کمزور اُمیدوار قرار دے کر اُنہیں ٹکٹ سے محروم کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی کوئی قابل ذکر انتشار یا شدید ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ البتہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات بھی طے نہیں ہیں جس کی وجہ سے تمام چھ نشستوں پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے اُمیدواروں نے علیحدہ علیحدہ اپنی انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ دیگر جماعتوں کے اُمیدواروں نے بھی ٹکٹ حاصل کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 18 اپریل ہے جبکہ حتمی فہرست اُمیدواروں کی 19 اپریل کو آویزاں کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزاد پینل کے سربراہ اور حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار سردار غلام عباس حلقہ پی پی 21 کے اُمیدوار ملک اختر شہباز نے انتخابی مہم کے سلسلے میں گفانوالہ اور جھامرہ شریف کا دورہ کیا
چکوال (اعجاز بٹ)آزاد پینل کے سربراہ اور حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار سردار غلام عباس حلقہ پی پی 21 کے اُمیدوار ملک اختر شہباز نے انتخابی مہم کے سلسلے میں گفانوالہ اور جھامرہ شریف کا دورہ کیا جہاں پر بڑی برادریوں نے دونوں اُمیدواروں کے حق میں دُعائے خیر کر دی۔ اس موقع پر ملک سلیم اقبال دھرکنہ نے کہا کہ 11 مئی
کو علاقہ ونہار سے آزاد پینل کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔ سردار غلام عباس نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں علاقے کی خدمت کی ہے جبکہ یہاں کے منتخب نمائندوں نے گذشتہ پانچ سالوں میں انتقامی سیاست کی ہے۔ ملک اختر شہباز نے کہا کہ میرے والد ملک شہباز مرحوم نے بھی علاقے کی خدمت کی ہے اور اسی مشن کو آگے بڑھائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ناصر بھٹی نے کہا ہے کہ عمران خان نے نوجوانوں کو ٹکٹ دے کر ایک نئے سیاسی کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے
چکوال (اعجاز بٹ) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ این اے 60 کے اُمیدوار راجہ یاسر سرفراز اور پی پی 20 کے اُمیدوار علی ناصر بھٹی نے کہا ہے کہ عمران خان نے نوجوانوں کو ٹکٹ دے کر ایک نئے سیاسی کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے اور 11 مئی کو 4 کروڑ نوجوان ووٹرز تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر تحریک انصاف کے اُمیدواروں کو ووٹوں دیں گے۔ وہ قصبہ موہلہ میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ موہلہ گائوں کے عوام نے تحریک انصاف کے امیدواروں کے کردار اور ان کے آباواجداد کی خدمات کی گواہی دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا شامل ہونے والوں میں سے اکثریت کاتعلق مسلم لیگ ن سے تھا شامل ہونے والوں میں حاجی مرزا اسلم،چوہدری طلعت محمودایڈووکیٹ او رنئے شامل ہونے والوں میںچوہدری مشتاق،حاجی ملوک،چوہدری اشرف،محمد فیاض،مغل کسر برادری اورمرزا برادری شامل ہیں میزبان مقرر چوہدری مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اہلیان موہلہ یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم امیدوار قومی اسمبلی راجہ یاسرہمایوں سرفراز خان کے کردار اور ان کے دادا راجہ سرفراز خان (مرحوم)کی خدمات سے بخوبی واقف ہیں اور امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری علی ناصر خان بھٹی کے کردار اور ان کے والد امیرخان بھٹی کے والد کی چکوال کی خدمات سے واقف ہیں اور ہم اس بات کی گواہی دیکر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں اور تبدیلی ملک پاکستان میں آچکی ہے اور چھانے والی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کے حلقہ پی پی 20 کے اُمیدوار ملک اختر نواز اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی جنگ جیتنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی
چکوال (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے حلقہ پی پی 20 کے اُمیدوار ملک اختر نواز اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی جنگ جیتنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی مفاد پرست اور موروثی لوگوں کو شکست دیں گے۔ وہ اپنے الیکشن آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ pp20میں مورثی سیاست دانوں کو شکست دینا ہمارا ٹارگٹ ہے ۔سابقہ دور حکومت میں لوگوں کا جو استحصال کیا گیا وہ عوام کے سامنے ہے ۔اور اپنے لوگوں کو نوازا گیا ہے ۔پانچ سال حکومت میں گزارنے کے باوجود عوام کے مسائل کم نہں ہوسکے بلکہ یہ سارا وقت سابق ایم این اے اور سابقہ ایم پی اے کی ذاتی لڑائی میں گزراور اپنے کارکنان کو بھی مطمئن نہیں کرسکے لو گ اپنے مسائل کے لیے در درکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور جس انداز میں عوام کا استحصال کیا گیا ہے چکوال کے عوام پنجاب کی سابق حکمراں جماعت سے تنگ آچکے ہیں ۔لوگوں کے اندر زبردست بے چینی پائی جاتی ہے اس بے چینی اور احساس محرومی کا ازالہ جماعت اسلامی کرئے گی ۔عوام آنے والے انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اورووٹ ترازو کو دیں ہم اس ملک کو مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ ملہال مغلاں میں ڈاکو راج۔ منگل کے روز 4 مسلح ڈاکو کار میں سوار ہو کر گلاب خاتون مارکیٹ میں واقع محمد اکبر صراف کی دُکان پر آئے
چکوال (نمائندہ خصوصی)قصبہ ملہال مغلاں میں ڈاکو راج۔ منگل کے روز 4 مسلح ڈاکو کار میں سوار ہو کر گلاب خاتون مارکیٹ میں واقع محمد اکبر صراف کی دُکان پر آئے اور گاہک بن کر جب تمام سونا کاؤنٹر پر اکٹھا ہو گیا تو اسلحے کی نوک پر لاکھوں روپے مالیت کا سونا چھین کر گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ اُدھر جماعت اسلامی کے مقامی رکن عاشق حسین صحرائی کو موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکوؤں نے اسلحے کی نوک پر اُن سے 20 ہزار روپے کی نقد رقم چھین لی۔ ملہال مغلاں میں ڈکیتی کی اُوپر تلے دو وارداتوں سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے اور لوگ عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محلہ سرپاک پہنچنے پر بیگم عفت لیاقت علی کا تاریخی استقبال
چکوال (نمائندہ خصوصی)محلہ سرپاک پہنچنے پر بیگم عفت لیاقت علی کا تاریخی استقبال۔ محلہ سرپاک پرانی سبزی منڈی میں چوہدری بلال ڈائریکٹر او۔ بی ٹریول ایجنسی چکوال کے گھر کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جو کہ جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ جب بیگم عفت لیاقت جلسہ گاہ پہنچیں تو خواتین نے ان کا ایک تاریخی استقبال کیا۔ پھولوں کی بارش کر دی۔ مسلم لیگ زندہ باد کے نعروں سے ویلکم کیا۔ بیگم عفت لیاقت نے ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولۖ سے ہوا۔ اس کے بعد بہت ساری خواتین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں سٹیج سیکرٹری ام حبیبہ نے اپنے خیال کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنی دھواں دار تقریر میں پاکستان کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی۔ آخر میں بیگم عفت لیاقت سٹیج پر تشریف لائیں اور اپنے خیال کا اظہار کیا۔ تمام خواتین نے بیگم عفت لیاقت کو MNA کا ٹکٹ ملنے پر مبارکباد دیں اور مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا یقین دلایا۔ بعد میں بیگم عفت لیاقت خواتین میں گھل مل گئیں۔