چکوال کی خبریں 17.09.2013

گھریلو اور تجارتی پیمانے پر بجلی و گیس چوری کے خلاف مہم تیز کر دی گئی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) گھریلو اور تجارتی پیمانے پر بجلی و گیس چوری کے خلاف مہم تیز کر دی گئی۔ اور بجلی و گیس چوری میںملوث افراد کی چھان بین کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی گئی۔ جس کی نگرانی ڈی سی او چکوال کریں گے۔ بجلی و گیس چوری کی شکایات کے لیے 0322-8887873پر ایس ایم ایس کیا جا سکے گا۔ علاوہ ازیں تحریری شکایات بھی ڈی سی او آفس چکوال میں دی جا سکیں گی۔ ڈی سی او چکوال یاور حسین نے بتایا کہ بجلی یا گیس چوری کے بارے میں معلومات دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔ بجلی چوری پر قابو پانے کیلیے ٹاسک فورس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے ڈی سی او چکوال کا کہنا تھاکہ ٹاسک فورس کا بنیادی مقصد قومی خزانے کو لاکھوں روپے کے نقصان سے بچانا اور گیس و بجلی چوری کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دلواناہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عصر حاضر اور موجودہ دہشت گردی کی لہرکے پیش نظر سول ڈیفنس کی تربیت کا حصول ہر شعبہ زندگی کے افراد کے لیے نہایت ضروری ہے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) عصر حاضر اور موجودہ دہشت گردی کی لہرکے پیش نظر سول ڈیفنس کی تربیت کا حصول ہر شعبہ زندگی کے افراد کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ حفصہ رانی نے آج یہاں سول ڈیفنس آفس میں شہری دفاع کا کورس مکمل کرنیوالی تیس فی میل ایجوکیٹر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی او ایجوکیشن، زنانہ چکوال نسیم اختر پروگرام آفیسر پلان پاکستان پروین اختر انچارج سول ڈیفنس مظہر صدیق اعوان اور چیف انسٹرکٹر محمد ریاض کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی تربیت مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کے لیے بھی نہایت ضروری ہے۔ چونکہ سول ڈیفنس میں کچھ شعبے ایسے بھی ہیں جہاں خواتین مردوں سے بہتر خدمات سرانجام دے سکتی ہیں۔ اس موقع پر ڈی او ایجوکیشن زنانہ چکوال نسیم اختر نے کہا کہ سول ڈیفنس کے آغاز سے لے کر آج تک خواتین کا ایک منفرد کردار رہا ہے۔ پروگرام آفیسر پلان پاکستان پروین اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کے تعاون سے پلان پاکستان نے چائلڈ سنٹر ڈویلپمنٹ و ناگہانی آفات اور ہنگامی حالات میں کم سے کم خطرات کے حوالے سے بھی ٹریننگ کروائی گئی ہے اور خواتین ٹیچر کو سکول سیفٹی پلان کی تربیت دی گئی ہے۔ انچارج سول ڈیفنس چکوال مظہر صدیق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں قدرتی آفات و حادثات سے نمٹنے کے لیے سول ڈیفنس کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے اور سول ڈیفنس کی تربیت حاصل کر کے جانی و مالی نقصانات کی شرح کو انتہائی کم سے کم ترین سطح تک لایا جا سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مران ظہیر عباسی کو بہترین پرفارمنس پر کارکردگی ایوارڈ اور شیلڈ دی گئی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چکوال سے تعلق رکھنے والے سول جج عقیل جنجوعہ اور چکوال ڈسٹرکٹ میں تعینات سول جج کا مران ظہیر عباسی کو بہترین پرفارمنس پر کارکردگی ایوارڈ اور شیلڈ دی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطاء بندیال نے سول جج جنڈ عقیل احمد جنجوعہ جو کہ چکوال کے رہائشی ہیں اور چکوال کورٹ میں تعینات سول جج کامران ظہیر عباسی کو بہترین پرفارمنس پر میڈل اور شیلڈ دی ہے۔ علاوہ ازیں سول جج جنڈ عقیل احمد جنجوعہ کو تحصیل بار ایسوسی ایشن جنڈ کی تاحیات ممبر شپ کی گئی ہے۔ تحصیل بار ایسوسی ایشن کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ جس میں عقیل احمد جنجوعہ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اور تحصیل بار جنڈ کی تاحیات ممبر شپ دی گئی۔