چکوال کی خبریں 27/10/2013

حکومت پنجاب نے بلدیاتی الیکشن سے کچھ دن پہلے حلقہ بندیوں کے دوران یونین کونسلوں کی اکھاڑ پچھاڑ کر کے ابھی سے دھاندلی کی بنیاد رکھ دی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق ضلع ناظم اور سردارگروپ کے قائد سردار غلام عباس خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے بلدیاتی الیکشن سے کچھ دن پہلے حلقہ بندیوں کے دوران یونین کونسلوں کی اکھاڑ پچھاڑ کر کے ابھی سے دھاندلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔حلقہ بندیاں پبلک مقامات پر آویزاں کرنے کی بجائے کمشنر راولپنڈی کو بھجوا کر انتظامی بدنیتی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ضلع چکوال میںہونے والی حلقہ بندیاں ہمارے ووٹ بینک میں نقب لگانے کے لیے کی گئیں۔مگر اسکے باوجود ہم بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور مخالف قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ وہ مقامی میرج ہال میں معروف مذہبی شخصیت سید احمد علی شاہ کے صاحبزادے سید رضوان حیدر عابدی کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔سردار غلام عباس نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے قبل حلقہ بندیاں اور یونین کونسلوںکی اکھاڑ پچھاڑ پری پلان دھاندلی ہے۔سردار غلام عباس کا کہنا تھا کہ حکمران ہماری سابقہ کارکردگی سے خائف ہیں اور آنے والے الیکشن میں نوشتۂ دیوار سامنے دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہمارا گروپ بلدیاتی الیکشن کے بارے میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان جلد کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں سردار غلام عباس کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی بددیانتی اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ پہلے کہا گیاکہ حلقہ بندیوں کی لسٹ چوبیس اکتوبر کو پبلک مقامات پر آویزاں کر دی جائے گی مگر لسٹیں آویزاںکیے جانے کی بجائے کمشنر راولپنڈی کو بھجوا دی گئی ہیں۔ سردار غلام عباس نے کہا کہ ہم پہلے بھی ہر ظالم باطل کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)انٹرنیشنل نوسرباز 20ویں بار پھر کروڑوں روپے کا فراڈ کر کے منظر عام سے غائب ہو گیا۔لٹنے والوں میں ماموں بھانجا بھی شامل ہیںجو بیرون ملک جانے کے شوق میں لاکھوں روپے سے ہاتھ دھو بیٹھے۔چکوال سے تعلق رکھنے والا انٹرنیشنل نوسرباز جو عرصہ تیس سال سے فراڈ اور دھوکہ دہی کی وارداتیں کر رہا ہے اور ہرمرتبہ بھیس بدل کر نیا چہرہ اختیار کر کے پھر لوٹنے کے لیے آ جاتا ہے۔ اعجاز نے پنوال روڈ ڈھوک گجر کے رہائشی محمد بلال کو کوریا بھجوانے کے لیے ساڑھے تین لاکھ روپے نقد ،پاسپورٹ، شناختی کارڈ وغیرہ لیے ،عبدالغفور ولد محمد نواز کو ابوظہبی بھجوانے کے لیے دو لاکھ روپے نقد پاسپورٹ شناختی کارڈلیے۔اورپھر منظر عام سے غائب ہو گیا۔ اللہ دتہ ولد شمس دین بھی دوبئی جانے کے چکر میںجمع پونجی لٹا بیٹھے۔نوسربازنے چاندنی چوک راولپنڈی میںبھی ایک دفتر قائم کیا اور وہاں پر بھی لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتا رہا۔ایف آئی اے کو دی جانے والی درخواستوں کے مطابق مذکورہ نوسر باز کے زیر استعمال نمبر بند ہیں اور وہ آفس کو تالا لگا کر غائب ہو چکا ہے۔درخواست گزاروںنے ایف آئی اے کے ڈائریکٹرجنرل سے اعجاز حسین کے خلاف مقدمے کے اندراج کا مطالبہ کر کے لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوانے کی اپیل کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حلقہ بندیوں پر عوام کی طرف سے دائر کیے جانے والے اعتراضات اور تجاویز کی سماعت
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی سی او چکوال یاور حسین نے 72 یونین کونسلوں اور 5 میونسپل کمیٹیوں کی ابتدائی حلقہ بندیوں پر عوام کی طرف سے دائر کیے جانے والے اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کی رپورٹ کمشنر راولپنڈی کو بھجوا دی گئی تھی۔ جس پرکمشنر راولپنڈی 30اکتوبر کو کمشنر آفس راولپنڈی میں ضلع چکوال کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت کریں گے۔ اعتراض کنندہ 30اکتوبر2013ء کو کمشنر آفس راولپنڈی رجوع کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سی آئی اے پولیس کاجعلی شراب تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سی آئی اے پولیس کاجعلی شراب تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ، بھاری مقدار میں جعلی شراب کی بوتلیں اور شراب کی تیاری میں استعمال ہونیوالا سامان برآمد کرلیا گیا، فیکٹری کا مالک گرفتار ہوگیا، سی آئی اے پولیس کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ تین مرلہ سٹیڈیم کے قریب شراب کی فیکٹری میں عرصہ دراز سے شراب کی تیاری کا کام جاری ہے، جس پر سی آئی اے کی ٹیم نے انسپکٹر راجہ جاوید انور کی قیادت میں فیکٹری پر چھاپہ مارا اور بڑی تعداد میں تیار شراب اور شراب کی تیاری میں استعمال ہونیوالا سامان برآمد کرلیا، موقع پر موجود فیکٹری کا مالک عدیل نذیر مسیح عرف نومی گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا بھائی عقیل نذیر مسیح عرف چاند فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، سی آئی اے پولیس کے مطابق شراب کی تیاری میں انتہائی مضر صحت اور زہریلا مواد استعمال کیا جارہا تھا جوکہ قبضہ میں لے لیا گیاہے، چھاپہ مار ٹیم نے انسپکٹر جاوید انور ، ہیڈ کانسٹیبل خالد محمود، ہیڈ کانسٹیبل زاہد، سردار خان، عمر فاروق، محمد ہارون، قیصر شہزاد اور کمال حسن شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہر اور گلی محلوں میں صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے تمام یونین کونسلوں میں سپر وائزر تعینات کر دئیے گئے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہر اور گلی محلوں میں صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے تمام یونین کونسلوں میں سپروائزر تعینات کر دئیے گئے ہیں اور عملہ صفائی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹریکٹر ٹرالی و گندگی اٹھانے کے دیگر آلات بھی مذکورہ سپروائزروں کے حوالے کر دئیے گئے ہیں۔ تحصیل میونسپل آفیسر ٹی ایم اے چکوال کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق یونین کونسل ایک کا سپروائزر عرفان گل موبائل نمبر0300-5475910یونین کونسل بشمول راولپنڈی روڈ کا سپروائزر شمعون اقبال موبائل نمبر0347-5861885یونین کونسل نمبر تین بشمول سرپاک وغیرہ کی سپروائزر ایگنس پرویز موبائل نمبر0302-5787272اور مونس غلام موبائل نمبر0303-5644343یونین کونسل چار بشمول بھون روڈ کا سپروائزر یوحنا عارف موبائل نمبر0321-5466016تعینات کیا گیا ہے جبکہ یونین کونسل پانچ بشمول چھپڑ بازار ،صرافہ بازار وغیرہ بھی عرفان گل کے حوالے کی گئی ہیں۔ شہری کسی بھی وقت صفائی ستھرائی کے معاملہ پر اپنے علاقے کے سپروائزر سے ٹیلیفونک رابطہ کر سکتے ہیں۔ٹی ایم اے کی طرف سے جاری کی جانیوالی ہدایات کے مطابق صفائی نہ ہونے یا سپروائزروں کی طرف سے ٹیلی فون کیے جانے پر توجہ نہ دینے پر ٹی ایم او اور ایڈمنسٹریٹر کو تحریری درخواستیں دی جا سکیں گی۔