چکوال کی خبریں 5/9/2013

گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 3چکوال میں تعینات ہونیوالی نئی سائنس ٹیچر کے خلاف شکایات موصول ہونے لگیں
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 3 چکوال میں تعینات ہونیوالی نئی سائنس ٹیچر کے خلاف شکایات موصول ہونے لگیں، سائنس ٹیچر بچیوں کے لئے جلاد بن گئی اوربچیوں کو ذہنی انتشار کا شکار کرنے لگی، عکس چکوال کو سکول کی کچھ طالبات نے شکایت کی ہے کہ وہ نئی آنیوالی سائنس ٹیچر ہمیں صحیح نہیں پڑھا رہی اور وہ ہمیں ایک سیکشن سے دوسرے سیکشن میں بٹھا دیتی ہے اور کہتی ہے کہ تم اس سیکشن کے قابل نہیں ہو۔ طالبات نے بتایا کہ وہ ان کارویہ طالبات کے ساتھ ٹھیک نہیں اور ابھی ان کو چند دن ہی ہوئے ہیں اور انہوں نے طالبات کو اتنا ڈرایا ہوا ہے کہ وہ اپنی پڑھائی بھی صحیح طریقے سے نہیں کرسکتی۔ وزیر اعلی پنجاب نے تو سکولوں کے باہر ”مار نہیں پیار” کے بورڈ تو آویزاں کرا دیئے ہیں لیکن سکول میں پڑھانے والی ٹیچرز کے رویے کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ہے۔ طالبات کا وزیر اعلی پنجاب ، مقامی ایم این اے، ایم پی اے سے گزارش کی ہے کہ وہ اس ٹیچر کے رویے کے خلاف نوٹس لیں اور ان کو اس سکول سے تبدیل کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ائیر فاؤنڈیشن سکول سسٹم چکوال کیمپس میں 14 اگست کے حوالے سے خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ائیر فاؤنڈیشن سکول سسٹم چکوال کیمپس میں 14 اگست کے حوالے سے خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول کے بچوں نے یوم آزادی کے حوالے سے خوبصورت ٹیبلو پیش کئے۔ اس موقع پر پرنسپل فائزہ مسعود نے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم اور علامہ اقبال مفکر پاکستان کی زندگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ آزادی ہمیں نہ ملتی تو ہم آج غلامی کی زندگی گذار رہے ہوتے۔ غلامی کی زندگی اور آزادی کی زندگی میں فرق نمایاں ہے کہ اپنے پیارے ملک پاکستان میں آزادی سے رہ رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ائیر فاؤنڈیشن سکول سسٹم مسعود اختر بھی موجود تھے۔ بچوں نے قومی اور صوبائی سطح پر کلچر کو ٹیبلو کی شکل میں پیش کیا۔ اس موقع پر پرنسپل فائزہ مسعود نے بتایا کہ سکول کی قلیل مدت میں تعداد 400 کے قریب پہنچ چکی ہے، یہ تعداد سکول کی بہتر کارکردگی کی وجہ بنی۔ سکول کے سٹاف کی محنت سے پانچویں اور مڈل کا رزلٹ 100% آیا۔ آخر میں بچوں نے پاکستان کا قومی ترانہ خوبصورت انداز میں پڑھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رائل کامن ویلتھ سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی انگریزی مضمون نویسی کا مقابلہ
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) رائل کامن ویلتھ سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی انگریزی مضمون نویسی کے مقابلہ میں مائرز کالج چکوال کے ہونہار طالبعلم نوشیروان خان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا مذکورہ مقابلہ میں پاکستان ، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت کامن ویلتھ کے تمام ممالک سے طالبعلم سالانہ مقابلہ میں حصہ لیا تھا اور مائرز کالج چکوال نے ایک اعزاز یہ بھی حاصل کیا کہ چکوال سے پہلی مرتبہ مائرز کالج چکوال کے ہونہار طالبعلم نوشیروان خان کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور اس طرح رواں سال کے مائرز کالج کے اعزازات میں ایک اور اضافہ ہوا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوشیروان خان نے کہا کہ آئندہ سال اس مقابلہ میں دوبارہ شرکت کرکے سونے کا تمغہ حاصل کرکے اپنے سکول، شہر اور ملک کا نام مزید روشن کرنے کاعزم رکھتے ہیں ۔واضح رہے کہ نوشیروان خان معروف سماجی شخصیت اصغر خان کے پوتے اور معروف سماجی شخصیت تیمور اصغر خان کے بیٹے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہر بھر میں مسائل میں اضافہ ، انتظامی اداروں کو ”سسری ” پڑ گئی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر بھر میں مسائل میں اضافہ ، انتظامی اداروں کو ”سسری ” پڑ گئی۔ عوام سراپا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق مقامی و قومی اخبارات میں بے پناہ خبریں شائع ہونے کے باوجود تاحال شہریوں کے مسائل کا کوئی حل نہ نکالا جارہا ہے شہر بھر کے بازاروں اور سڑکوں پر ان گنت ٹھیہ بانوں نے قبضہ جما رکھا ہے ان ٹھیہ بانوں، چنگ چی والوں اور تجاوزات مافیا کو سیاسی آشیربادہے یا ٹی ایم اے چکوال کی کرپشن ان کو ہٹانے میں آڑے آرہی ہے جبکہ اس کے برعکس چوآسیدنشاہ میں آنے والے سیلابی ریلہ کے نتیجے میں صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی نے دورہ کیا اور تین دن کا الٹی میٹم دینے کے بعد انہیں نہ ہٹنے پر مسمار کردیا گیا عوامی حلقوں میں اس بات پر تجسس پھیل رہا ہے کہ ضلع ایک اور قانون دو کیسے ہوسکتے ہیں، اعلی حکام فوری نوٹس لیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہر بھر میں افغانیوں نے ڈیرے ڈال لئے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر بھر میں افغانیوں نے ڈیرے ڈال لئے، راہگیروں سے بدتمیزی معمول بنا لیا، DPO سمیت کسی بھی ذمہ دار افسر کی نظر ان پر آج تک نہ پڑی، شہری پریشان کوئی حل نکالنے کو تیار نہیں۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں جنگ کے دوران ہجرت کرکے آنیوالے افغان باشندوں نے شہر بھر میں مکان کرائے پر لے رکھے ہیںاور مزید رشتہ داروں کو بھی چکوال آنے کی دعوتیں دے کر بلانے میں مشغول ہیں سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ افغان باشندوں کے پاس پاکستانی شہریت نہ ہونے کے باوجود موبائل فون استعمال کررہے ہیں اور یہ سمیں کس کے نام پر چل رہی ہیں اور یہ باشندے کن سرگرمیوں میں مصروف ہیں کسی کو کچھ علم نہ ہے جس سے انتظامی اور قانون نافذ کرنے والوں کی نااہلی کھل کر سامنے آچکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان باشندوں نے چھپڑ بازار سمیت تمام بازاروں میں ٹھیے لگارکھے ہیں اور آنے جانے والے شہریوں سے بے حد بدتمیزی سے پیش آتے ہیں معلوم ہوا کہ یہ باشندے اب پاکستانی شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند بھی ہیں اور شہریت حاصل کرنے کے بعد کیا ارادہ رکھتے ہیں کچھ علم نہ ہوسکا انتظامی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن نے عوام کے ووٹوں کا بھاری مینڈیٹ حاصل کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر اپنی حکومت بنائی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ ن نے عوام کے ووٹوں کا بھاری مینڈیٹ حاصل کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر اپنی حکومت بنائی اور دوران الیکشن کشکول توڑنے کے نعرے لگا کر عوام کے دلوں کو جیتا جبکہ حکومت بننے کے فوراً بعد عوام سے کئے ہوئے وعدوں کے برعکس نہ تو اربوں ڈالر کے قرضہ حاصل کیا بلکہ مہنگائی، پٹرول اور دیگر بم عوام پر گرائے اور ان کی وعدہ خلافی یہاں تک محدود نہ رہی بلکہ اب آئی ایم ایف نے اگلے تین سالوں کیلئے سات ارب ڈالر کا قرضہ منظور کرکے پاکستان کو قرضوں کے لحاظ سے پسندیدہ ملک ثابت کردیا جب پہلی مرتبہ موجودہ حکومت نے قرضہ وصول کیا تو عوام کو بتایا گیا کہ یہ سابق ادوار کے قرضوں کی اقساط کی ادائیگی کیلئے حاصل کیا گیا اور اب جو پیکج منظور کروایا گیا ہے اس سے حاصل کردہ قرضہ بھی آئندہ اقساط ادا کرنے میں استعمال کیا جائے گا پہلے قرضہ کے بعد جس طرح مہنگائی نے عروج پکڑا ٹھیک اسی طرح عوام اب مزید مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنے کیلئے تیار ہوجائیں کیونکہ قرضہ کی اقساط ادا کرنے کیلئے مزید قرضہ کی ضرورت باربار پیش آرہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پی ٹی اے کے پیکج ختم کرنے بارے احکامات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ چوہدری طلعت
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پی ٹی اے کے پیکج ختم کرنے بارے احکامات انتہائی قابل مذمت ہیں ان خیالات کا اظہار چوہدری طلعت محمود ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے مزید کہاکہ جب زرداری حکومت نے موبائل کارڈ پر ٹیکس بڑھا کر پندرہ روپے کیا تو ن لیگ کے سربراہوں نے اسے زرداری ٹیکس کا نام دیا اور جب اسی ٹیکس کو بڑھا کر 25روپے کردیا گیا توموجودہ حکومت کو اس پر بھی صبر نہ آیا بلکہ انہوں نے پی ٹی اے کے اس حکم کیخلاف کوئی ایکشن نہ لیا کہ موبائل پیکج بند کئے جائیں کیونکہ موبائل فون کے نہ صرف کارڈ پر ٹیکس بڑھا دیئے گئے بلکہ موبائل فون کی کالوں پر سے بھی ٹیکس حکومتی کھاتے میں جاتا ہے انہوں نے مزید کہاکہ اگر حکومت خود کو عوام کے ترازو میں تولنا چاہتی ہے تو بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروا کے دیکھے عوام کی نظروں میں اپنی اہمیت ان پر واضح ہوجائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غیر جماعتی انتخابات کے فیصلے نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رونق لگا دی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) غیر جماعتی انتخابات کے فیصلے نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رونق لگادی ایک طرف ن لیگ پنجاب میں غیر جماعتی انتخابات کروانا چاہتی ہے تو دوسری طرف تمام اپوزیشن جماعتوں جن میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق اور دیگر جماعتیں شامل ہیں نے غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے خلاف ایکا کرلیا ہے اور تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ نہ صرف اس بلدیاتی غیر جماعتی نظام کے خلاف احتجاج کیا جائے گا بلکہ تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر اس نظام کے خلاف عدلیہ سے بھی رجوع کریں گی اس ضمن میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وٹو باقاعدہ طور پر میڈیا کے سامنے پریس کانفرنس بھی کرچکے ہیں تاہم عوام کے درمیان یہ تجسس پایا جارہا ہے کہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہونیوالی جماعت ن لیگ بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی کیوں کروانا چاہتی ہے حالانکہ انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے سے باقی تمام جماعتوں کے ووٹ بٹ کر رہ جائیں گے اور اس کا تمام تر فائدہ ن لیگ کو ہی ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنے علاقہ کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی تمام مصروفیات ترک کردی ہیں۔ راجہ کامران
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) رہنما پاکستان تحریک انصاف راجہ کامران ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اپنے علاقہ کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی تمام مصروفیات ترک کردی ہیں اور آمدہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہے انہوں نے کہا
کہ بلدیاتی انتخابات کا اصل مقصد عوام کی دہلیز پر سہولیات کو مہیا کرنا ہے اور اصل جمہوریت پارٹیوں کے نظریات سے واضح ہوتی ہے اس لئے حکومتی جماعت کو چاہئے کہ وہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے تاکہ عوام برادری اور دھڑے کی سیاست سے نکل کر ایک جماعت کے منشور کو سمجھتے ہوئے اپنے نمائندوں کو چن سکیں اور غیر جماعتی انتخابات جاگیردارانہ نظام کی عکاسی کرتے ہیں وہ اپنی رہائشگاہ بادشاہ پور میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے ایک وفد سے گفت گو کر رہے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ر محمد ایوب نے ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ چکوال ڈاکٹر علیم دانش کو پریس انفارمیشن کا فوکل پرسن مقرر کر دیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ای ڈی او ہیلتھ چکوال ڈاکٹر محمد ایوب نے ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ چکوال ڈاکٹر علیم دانش کو پریس انفارمیشن کا فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔ آج یہاں جاری ہونے والے ایک مراسلے کے مطا بق ای ڈی او ہیلتھ چکوال نے ڈینگی، پولیو اور خسرہ جیسی بیماریوں سے تدارک اور عوامی آگاہی کے لیے ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ چکوال ڈاکٹر علیم دانش کو پریس انفارمیشن کا فوکل پرسن نامزد کیا ہے تاکہ اس آگاہی مہم کی روشنی میں عوام کا زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کر کے مذکورہ بالا بیماریوں سے نجات حاصل کی جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چکوال میں پانچ ستمبر سے لے کر14ستمبر 2013ء تک خسرہ سے بچائو کی مہم شروع ہو رہی ہے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پنجاب حکومت کے مطابق اور ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر کی زیر نگرانی ضلع چکوال میں پانچ ستمبر سے لے کر14ستمبر 2013ء تک خسرہ سے بچائو کی مہم شروع ہو رہی ہے۔ اس مہم کے دوران چھ ماہ سے لے کر دس سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت چکوال نے272ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ جو کہ یونین کونسل کے ہر گائوں میں جا کر بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائیں گی۔ تمام بنیادی مراکز صحت ،دیہی مراکز صحت، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے بھی لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تین لاکھ بیاسی ہزار بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اور اس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ وہ اپنے پھول جیسے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔ تاکہ ضلع چکوال میں خسرہ کی موذی بیماری کا خاتمہ ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے انرجی سیونک سے متعلق عوامی آگاہی مہم چلائی جائے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر چکوال شیریں ناز نے کہا ہے کہ بجلی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے انرجی سیونک سے متعلق عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے ایس ای آئیسکو چکوال کو لوڈشیڈنگ شیڈول روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی او آفس بھجوانیکی بھی ہدایت کی۔ وہ آج یہاں ڈی سی او آفس میں ڈسٹرکٹ لوڈ شیڈنگ منیجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ اجلاس میں ایس ای آئیسکو چکوال شیر نامدار، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، ایکسین واپڈا، و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ ایس ای آئیسکو چکوال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع چکوال کے دیہی علاقوں میں دس گھنٹے اور شہری علاقوں میں آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ جس پر اے ڈی سی نے ایس ای آئیسکو کو لوڈ شیڈنگ کا شیڈول روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی او آفس بھجوایا جائے۔ اور عوام الناس کی آگاہی کے لیے میڈیا کو بھی جاری کیا جائے۔ ایس ای آئیسکو نے اجلاس کو مزید بتایا کہ ضلع چکوال میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹاسک فورس نے بھرپور طریقے سے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک کمرشل و گھریلو سطح پر بجلی
چوری کی چونتیس ایف آئی آر درج کروائی جا چکی ہیں۔ جس پر اے ڈی سی نے محکمہ واپڈا کے افسران کو اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر چکوال نے شرکاء اجلاس کو باور کرایا کہ موجودہ بجلی بحران سے نبٹنے کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ اور اس تعاون کی بدولت انرجی سیونگ کا اصول اپنا کر بجلی کے بحران پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ انرجی سیونگ سے متعلق بھرپور عوامی آگاہی مہم چلائی جائے جس کی روشنی میں وہ اپنے گھروں، تجارتی و کاروباری مراکز کے علاوہ دیگر شعبہ زندگی میں بجلی کے غیر ضروری استعمال کو کم کر کے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں اپنی بھرپور معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔اعجاز بٹ چکوال کوڈ۔005