چکوال کی خبریں (اعجاز بٹ سے) 18/11/2013
Posted on November 19, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کے ایم ایس ڈاکٹر احسن نوید کی مبینہ سرپرستی کا منہ بولتا ثبوت
چکوال(اعجاز بٹ سے) ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کے ایم ایس ڈاکٹر احسن نوید کی مبینہ سرپرستی کا منہ بولتا ثبوت۔ ایمرجنسی میں موجود لیبارٹری اور بلڈ بینک کے عملہ نے حرام خوری کی حد کردی، مریضوں کے لئے دو کی جگہ چار چار بوتلوں کے اہتمام کی ہدایات جاری جبکہ ڈونرز کے ٹیسٹ باہر سے کروانے کی ہدایت، تفصیلات کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں ایم ایس کی مبینہ سرپرستی میں ڈاکٹروں نے مریضوں کو دو کی بجائے چار چار بوتلوں کے انتظام کرنے کی ہدایات دینا شروع کررکھی ہیں جبکہ بلڈ بینک اور لیبارٹری کا عملہ بھی لیبارٹریوں سے ساز باز کرکے ہیپاٹائٹس بی اور HIV کے ٹیسٹ باہر سے کروانے کی ہدایات جاری کررہا ہے اور نجی لیبارٹریوں والے مذکورہ ٹیسٹوں کی فیس 500سے600روپے تک وصول کررہے ہیں ان تمام مسائل بارے جب ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر احسن نوید سے رابطہ کیا تو انہوں نے انتہائی گرم جوشی سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ خیراتی ہسپتال ہے کوئی پرائیویٹ ہسپتال نہیں جہاں پر ہر قسم کی عیش و آرام مریضوں کو مہیا کی جائیں اور محکمہ ہیلتھ سے جو فنڈز آرہے ہیں اس کے علاوہ اپنی تنخواہ میں سے بھی زکوة ہسپتال کو دیتا ہوں اگر عوام کا بہت خیال ہے تو ای ڈی او ہیلتھ اور وزیر صحت سے ان سوالات کے جواب پوچھیں ہسپتال میں آئے ہوئے عوام پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں اور اکثر و بیشتر مریضوں کو راولپنڈی منتقل کردیا جاتا ہے ۔ عوامی حلقوں نے خادم اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مرکزی جلوس کے موقع مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظام کئے گئے تھے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) 13محرم کوچو آسیدن شاہ میں مرکزی جلوس کے موقع مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظام کئے گئے تھے،ان کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر چوآسیدن شاہ مصور خان نیازی اورڈی ایس پی چوآسیدن شاہ سمیت تھانہ چوآسیدن شاہ پولیس کے SHOانسپکٹر ملک محمد انوارنے کی ، یکم محرم سے گزشتہ روز تیرہ محرم الحرام تک پولیس نے رات دن ایک کردیا ،جس پر عوامی حلقوں نے خیر مقدم کیا ہے ۔چوآسیدنشاہ میں بہتر سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظرکسی قسم کا کوئی نا خوشگوارواقع نہ ہوا ہے۔ Asi ٹریفک پولیس محمد ارشدنے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عبد الروف اور اسکے ساتھی پیر ارشد محبوب پر تھانہ صدر چکوال میں ہونے والے تشد د کا نوٹس لے لیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈسڑکٹ پولیس آفیسر چکوال ڈاکٹر معین مسعود نے ڈسڑکٹ بار چکوال کے معروف قانون دان کے کلرک ملک عبد الروف اور اسکے ساتھی پیر ارشد محبوب پر تھانہ صدر چکوال میں ہونے والے تشد د کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈی ایس پی صدر سرکل چکوال امجد ڈوگر کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے، ملک عبد الروف نے بتایا کہ وہ سول جج و علاقے مجسٹریٹ تھانہ صدر چکوال سردار عظمت حیات سے تحریری حکم نامہ لے کر مقدمہ نمبر419کی رپورٹ کی نقل لینے کے لئے اپنے ساتھی پیر ارشد محبوب کے ہمراہ جب تھانہ صدر چکوال آیا تو نقل رپورٹ مانگنے پر نائب محرر واجد، ساجد ثقلین ، ناصر کمرہ محر ر میں موجود تھے اور میرے اوپر تشدد شروع کر دیا جب پیر ارشد محبوب نے ان کو روکا تو اسکو بھی ذودوکوب کیا ، ایس ایچ او فیصل منظور کو تمام حالات سے آگاہ کیا لیکن وہ بھی اپنے ملازمین کو بچانے کے لئے ہمیںدھمکیاں دے رہا ہے، ڈی پی او چکوال نے معاملہ کی انکوائری کے لئے ڈی ایس پی صدر چکوال کو حکم جاری کر دیا ہے، یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بیج کے جسٹس جناب اعجاز چوہدری کے حکم پر تھانہ صدر چکوال میں درج کرائی گئی رپورٹ نمبری 12مورخہ 14-11-12کی انکوائری ڈی پی او چکوال ڈاکٹر معین مسعود خود کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری غیور عباس نمبردار ماڑی شریف کو اپنا امیدوار نامزد کر کے اس یونین کونسل سے دیگر امیدواروں کو ٹف ٹائم دے دیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر )یونین کونسل بلکسر سے سردار گروپ نے چوہدری غیور عباس نمبردار ماڑی شریف کو اپنا امیدوار نامزد کر کے اس یونین کونسل سے دیگر امیدواروں کو ٹف ٹائم دے دیا ہے ، چوہدری غیور عباس نے چیئرمین حاجی شوکت محمود کے ہمراہ یونین کونسل کے مختلف علاقوں میں طوفانی عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے۔ سردار گروپ کے دیگر نامزد امیدواروں جن میں جنرل کونسلرز ،خواتین کونسلرز، کسان کونسلر اور توتھ کونسلر بھی شامل ہیں اوہ بھی پوری محنت سے عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں، یونین کونسل بلکسر میں ماڑی، بلکسر، پیلی، ڈھوک سیال، ڈھوک میکن، سدھر شامل ہیں ،بلکسرمیں الیکشن آفس قائم کردیا گیا ہے اور دیگر علاقوں میں چند روزمیں الیکشن آفس قائم کر دیئے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قتل کے مقدمہ میں زیر حراست ملزم پولیس تشدد سے ہلاک ہو گیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)قتل کے مقدمہ میں زیر حراست ملزم پولیس تشدد سے ہلاک ہو گیاجودیشل مجسٹریٹ نے میڈیکل بورڈ کے ذریئے پوسٹ مارٹم کے احکامات جاری کر دئے پولیس نے ملزم کی موت کو بیماری قرار دے دیا شوکت محمود نامی ملزم کوپولیس نے معروف عامل پیر مظہر قتل کیس میں گیارہ روز قبل گرفتار کیا مگر گرفتاری نہیں ڈالی گئی دوران تفتیش پولیس نے ملزم پر تشدد کیا جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی اور وہ پمز ہسپتال جا کر دم توڑ گیا لواحقین کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ کامران ظہیر عباسی نے میڈیکل بورڈ کے احکامات جاری کر دئے پولیس نے معاملہ دبانے کے لئے دو دن قبل کی گرفتاری ڈال دی لواحقین کا موقف ہے کہ ملزم کو جان بوجھ کر مارا گیا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے تحصیل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے تحصیل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور روڈ بند کر دی۔ مظاہرین پولیس کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے اور ان کامطالبہ تھا کہ واقعہ میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔اور غیر قانونی طور پر گرفتار دوسرے ملزم کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ دریں اثناء جوڈیشل مجسٹریٹ کامران ظہیر عباسی کی ہدایات پر تشکیل دئیے گئے میڈیکل بورڈ نے ملزم شوکت محمود کی لاش کاپوسٹ مارٹم کیا اور رپورٹ کیمیکل ایگزامینر کو بھجوا دی۔ڈی ایس پی صدر امجد ڈوگر اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر چوہدری عبدالسلیم نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں ڈھاب خوشحال اور گردونواح کے دیہاتوں میں مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوام کو اکٹھا کر کے تحصیل چوک پرلایا گیا جہاں پر پولیس کے خلاف مظاہرہ ہوا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ شوکت محمو د کو گیارہ دن قبل اس کے گھر سے اُٹھایا تھااور کئی دنوں تک حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کیا مظاہرین نے پولیس کیخلاف ڈی ایس پی صدر کو تحریری درخواست دے دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لدیاتی الیکشن کے سلسلے میں یونین کونسل مہروپیلو کی سرکردہ سیاسی شخصیات کا اجتماع چک بھون میں منعقد ہوا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں یونین کونسل مہروپیلو کی سرکردہ سیاسی شخصیات کا اجتماع چک بھون میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی خدا بخش نے کی۔ امیدوار برائے چیئرمین چوہدری غلام جیلانی منہاس، سابق جنرل کونسلر حاجی نشان علی، سابق جنرل کونسلر شفقت علی طاہر مطلوب، حاجی غلام حسین، مخیل دین،چوہدری گلشیر، کرامت حسین، ملک ظفر علی، محمد اسلام، خالد محمود، ملک ابرار حسین، چوہدری منظور حسین، حاجی عاشق حسین، نور الٰہی،نذر حسین کے علاوہ بے شمار برادریوں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجتماع سے امیدوار برائے چئیرمین چوہدری غلام جیلانی منہاس، سابق جنرل کونسلر حاجی نشان علی اور طاہر مطلوب نے خطاب کیا۔چوہدری غلام جیلانی منہاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ2005ء میں ہم ضلع چکوال میں اپوزیشن میں تھے۔ اور اس عرصے میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے۔ اور یونین کونسل کی سطح پرلوگوں کے مسائل کو حل کیا گیا۔ مستحق افراد کو حکومت پنجاب سے جہیز فنڈ، مالی امداد، ماہانہ امداد کی فراہمی یقینی بنائی اور یہ منصوبے میاں شہباز شریف نے شروع کیے تھے۔ متعدد طلباء و طالبات کو وظائف دئیے گئے، لیب ٹاپ دئیے گئے۔اجلاس میں ایم پی اے ذوالفقار دلہہ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا کہ جنہوںنے چک بھون میں بنیادی مرکز صحت اور طالبات کے لیے مڈل سکول منظور کروائے۔نیلہ روڈ کی تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز فراہم کرنے پر میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔غلام جیلانی منہاس نے کہا کہ آئندہ اللہ کے فضل و کرم سے خدمت کاموقع ملا تو دن رات لوگوں کے مسائل کے حل کیلیے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ امیدوار برائے چیئرمین نے کہا کہ موضع چک بھون کو سوئی گیس کی فراہمی کا مطالبہ ہائی کورٹ اور پھرسپریم کورٹ لے کر گیا ہوں اور اہلیان چک بھون کا یہ مقدمہ جلد حل ہو گا۔اور مسلم لیگ ن کا منشور ہی یہی ہے کہ انصاف لوگوں کو دہلیز پر ملے اور عام لوگوں کے مسائل بھی دہلیز پر حل ہوں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com