چکوال کی خبریں

محکمہ پراونشل ہائی وے چکوال کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)محکمہ پراونشل ہائی وے چکوال کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت، دوسال قبل مین روڈ پر تعمیر کئے جانیوالے نالے سے بجلی کا کھمبا نکل آیا۔ بجلی کے کھمبے کے باعث سڑک کنارے نالہ بند ہونے سے پانی عمارتوں کی بنیادوں میں جانے لگا ۔ پانی کے رسنے سے دکانوں کے فرش میں دراڑیں پڑ گئیں میری بلڈنگ گر گئی تو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا جس کا ذمہ دار محکمہ پراونشل ہائی وے ہوگا متاثرہ بلڈنگ کے مالک جواد کی حال دہائی ۔ یہ ملک چوروں ڈاکوؤں کا ہے کوئی بھی مسئلہ ہونا ناممکن ہے ، ایس ڈی او محکمہ پراونشل ہائی وے چکوال شاہین اشرف کا موقف۔ تفصیلات کے مطابق تلہ گنگ روڈ پر سڑک کے دونوں اطرف تعمیر ہونیوالے نالے میں بجلی کے کھمبے کی بنیاد جوکہ کنکریٹ سے بنائی گئی تھی دوران تعمیر اندر ہی چھوڑ کر اوپر سے نالہ کو بند کردیا گیا اور پانی نالہ میں جمع ہونا شروع ہوگیا اور ناقص میٹریل سے تعمیر ہونیوالے نالے کی دیواروں سے پانی کی لیکج سے شاہین کیمسٹ مین روڈ کی دکان کی بنیادوں میں جانا شروع ہوگیا جس سے چند روز قبل دکان کے فرش میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئیں جس پر شاہین کیمسٹ کے دکان مالک جواد نے متعلقہ دفتر میں شکایت کی لیکن ایس ڈی او اور سب انجینئرز حضرات کے غائب ہونے کے باعث ان کی شکایت کھوہ کھاتے ڈال دی گئی بعدازاں دوبارہ رابطہ کرنے پر ایس ڈی او شاہین اشرف نے اپنے کار خاص کو بطور ٹھیکیدار روانہ کیا اور مالک دکان سے کہا کہ اس کو بیس ہزار روپے دے دیں نالے سے کھمبا نکال دیا جائے گا جب اس بارے ایس ڈی او پراونشل ہائی وے چکوال شاہین اشرف سے ملاقات کی اور موقف جاننے بارے سوال کیا تو اس کے جواب میں شاہین اشرف نے کہا کہ یہ ملک چوروں ڈاکوؤں کا ہے یہاں کوئی بھی مسئلہ نہیں ہوسکتا اور نالے سے کھمبا نکلوانے کا کام انہیں خود کروانا ہوگا میں اس سلسلہ میں اپنی 65ہزار روپے ماہانہ تنخواہ میں سے 5ہزار روپے نقد دینے کو تیار ہوں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ خادم اعلی پنجاب مملکت خداداد پاکستان کو چوروں اور ڈاکوؤں کا ملک قرار دینے والے ایس ڈی او محکمہ پراونشل ہائی وے چکوال شاہین اشرف کا محاسبہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

چکوال شہر سمیت گردونواح کے دیہاتوں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں ڈانس پارٹیوں ، مجروں اور غیر اخلاقی سرگرمیاں زور پکڑنے لگیں
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چکوال شہر سمیت گردونواح کے دیہاتوں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں ڈانس پارٹیوں ، مجروں اور غیر اخلاقی سرگرمیاں زور پکڑنے لگیں۔ بااثر افراد مہندی کے موقع پر آئین و قانون کی سرعام دھجیاں اڑانے لگے کوئی پوچھنے والا نہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں جبکہ شادیوں کی تقاریب عروج پر ہیں ان تقاریب میں رسم مہندی کے موقع پر شہر سمیت دیہاتوں میں بااثر لوگ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور چنیوٹ سے ڈانسرز لڑکیاں منگوا کر باقاعدہ کھلے عام مجرے کی محفلیں سجاتے ہیں جن میں شراب و شباب کے علاوہ ہوائی فائرنگ کا بھی بے دریغ مظاہرہ کیا جاتا ہے لیکن اس اہم اخلاقی اور معاشرتی مسئلہ کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے عوامی حلقوں نے چکوال میں نئے تعینات ہونیوالے ڈی پی او ڈاکٹر معین مسعود سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ کی طرف توجہ دے کر اس کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع چکوال میں سکولوں کے آڈٹ کے نام پر محکمہ تعلیم کے افسران رشوت اکٹھی کرنے لگے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع چکوال میں سکولوں کے آڈٹ کے نام پر محکمہ تعلیم کے افسران رشوت اکٹھی کرنے لگے باخبر ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈی ای او زنانہ چکوال رخسانہ رضا نے تحصیل چکوال کے تمام گرلز ایلیمنٹری اور پرائمری سکولوں کی انتظامیہ کو گزشتہ دنوں یہ نادر شاہی حکم جاری کیا کہ لاہور سے اعلی افسران کی ٹیم آڈٹ کیلئے آئی ہوئی ہے ان کو ”راضی” کرنا ہے اور اس حکم کی آڑ میں رخسانہ رضا نے مبینہ طو رپر تحصیل چکوال کے 12گرلز ایلیمنٹری سکولوں سے فی سکول ایک ہزار روپے جبکہ 48پرائمری سکولوں سے فی سکول 500روپے بطور نذرانہ آڈٹ کیلئے جمع کئے اور اس سلسلہ میں تمام سکولوں کی انچارج کو باقاعدہ یہ کہا گیا کہ جو سکول نذرانہ نہیں دے گا اس سکول کا آڈٹ نہیں کیا جائے گا لہذا تمام سکول انچارج نذرانے کی رقم اپنے مرکز اے ای او کے پاس جمع کروادیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس واقعہ کی اعلی سطحی انکوائری کرائی جائے اور رشوت لینے میں ملوث ایجوکیشن افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

چکوال میں اکتوبر میں ہونے والے آل چکوال پجن فلائنگ ٹورنامنٹ کے ون ڈے اور تین روزہ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چکوال میں اکتوبر میں ہونے والے آل چکوال پجن فلائنگ ٹورنامنٹ کے ون ڈے اور تین روزہ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے آل چکوال پجن فلائنگ ٹورنامنٹ ون ڈے (سنگل روزہ) مقابلے 25ستمبر کو منعقد ہوئے جس میں شاہ گروپ کے شہباز سنی شاگرد سید انتصار مہدی کے کبوتروں نے 52گھنٹے 8منٹ کی اڑان سے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ خواجہ خرم بشیر گروپ کے خاور جبیرپور کے کبوتر 34گھنٹے 22منٹ کی اڑان کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہے ۔تیسری پوزیشن استاد انور نمبردار گجرات کے شاگرد ناصر قریشی کے کبوتروں نے 33گھنٹے 48منٹ کے ساتھ حاصل کی چوتے نمبر پر استاد طارق بندو رہے جن کے کبوتروں نے 32گھنٹے 48منٹ کی اڑان کی پانچویں پوزیشن عابد غیور تھوہا ہمایوں کے کبوتروں نے 32گھنٹے28منٹ کی اڑان کے ساتھ حاصل کی ون ڈے مقابلوں میں بچہ کبوتروں کے مقابلہ میں جارج کاکا مسیح کے بچہ کبوتر نے پہلی ، حاجت خان کے بچہ کبوتر نے دوسری اور شانی اینڈ گوش کے بچہ کبوتر نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ دسویں تین روزہ کبوتر بازی اکتوبر ٹورنامنٹ چکوال میں پہلی پوزیشن استاد راجہ سعادت سرپاک نے حاصل کی دوسری پوزیشن حاجت خان (استاد طارق بندو گروپ) اور تیسری پوزیشن چوہدری شوکت ٹینٹ والا (چکوال گروپ) نے حاصل کی تین روزہ بچہ مقابلوں میں پہلی پوزیشن راجہ سعادت کے بچہ کبوتر دوسری پوزیشن حاجت کے بچہ کبوتر اور تیسری پوزیشن لیاقت مسیح کے بچہ کبوتر نے حاصل کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈھڈیال کے نواح پڑھال میں عید کے دوسرے روز کبڈی میچ اور چھٹ اٹھانے کا مقابلہ ہوگا۔
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈھڈیال کے نواح پڑھال میں عید کے دوسرے روز کبڈی میچ اور چھٹ اٹھانے کا مقابلہ ہوگا۔ جس میں کبڈی کے نامور کھلاڑی اور معروف چھاٹی شرکت کرینگے۔ تقریب کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ہونگے جبکہ چوہدری اقبال جٹ کھودے،معروف سیاسی شخصیت چوہدری عبدالغفار خان اور چوہدری فرحت بلو خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرینگے۔چھٹ اٹھانے کا مقابلہ نماز جمعہ کے فوراً بعد ہوگا اور بعد ازاں کبڈی میچ ہوگا۔ پروگرام کے آرگنائزر بابر مغل پڑھال ہیں۔ چوہدری محمد اسحاق کھودے اور چوہدری محمد افسر کھودے بھی اس موقع پر شرکت کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلعی زکوة و عشر کمیٹی چکوال کو ایک کروڑ بہتر لاکھ روپے کی رقم فراہم کر دی گئی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی زکوة و عشر کمیٹی چکوال کو ایک کروڑ بہتر لاکھ روپے کی رقم فراہم کر دی گئی۔ تاکہ انہیں مستحقین میں تقسیم کیا جا سکے۔ چیئرمین ضلعی زکوة و عشر کمیٹی صوبیدار اکرم اعوان نے بتایا کہ محکمہ زکوة و عشر کی جانب سے ایک کروڑ بہتر لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔سکولوں میں مستحق ایک لاکھ اسی ہزار طلباء کے لیے چودہ لاکھ چوراسی ہزار روپے مدرسے کے سات سو طلباء کے لیے چھ لاکھ انچاس ہزار روپے جہیز کی فراہمی کے لیے چھ لاکھ چوون ہزار روپے، بیوائوں کو گزارہ الائونس کیلیے ستاون لاکھ روپے فراہم کیے جانے ہیں۔ جبکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چھ سو پچاس طلباء کے لیے چھیاسٹھ لاکھ بیالیس ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ ضلعی چیئرمین نے وی ٹی آئی کے لیے سب سے زیادہ رقم کی فراہمی پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے کہ جہاں پر زیادہ رقم کی ضرورت ہے وہاں پر کم جبکہ جہاں پر کم رقم کی ضرورت تھی وہاں پر زیادہ مختص کر دی گئی ہے۔ جو کہ ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ زکوة کا پیسہ مستحق لوگوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔اور اس پیسے کو امیروں کی بجائے غریبوں کے کھاتے میں جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی بہتری کے لیے ہم زکوة کا پیسہ مستحقین تک ضرور پہنچائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹی ایم اے چکوال کے لاپرواہ سینٹری انسپکٹر نے شہر کو گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹی ایم اے چکوال کے لاپرواہ سینٹری انسپکٹر نے شہر کو گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔ ڈھکو روڈ پر مسجد کے سامنے پڑے دو مردہ بیل اٹھائے نہ جانے کی وجہ سے بدبو اور تعفن سے عوام کا برا حال ہو گیا۔ نمازی مسجد میں نہ پہنچ سکے۔گزشتہ پانچ روز سے دو مردہ بیل جامع مسجد پیر شہانی کے عین سامنے پڑے ہوئے ہیں اور ٹی ایم او چکوال اور سینٹری انسپکٹر کو بارہاآگاہ کیے جانے کے باوجود مردہ بیل اٹھائے نہیں جا سکے ۔جس کی وجہ سے پورا محلہ بدبو کی زد میں ہے اہلیان محلہ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیاہے کہ ابھی عید الاضحی میں چند دن باقی ہیں مگر پہلے ہی شہر گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل کر دیا گیا۔ ڈی سی او فوری طور پر نوٹس لیں۔