چکوال: جماعة الدعوة چکوال کے زیر اہتمام بھون چوک چکوال میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے طلباء اساتذہ ودیگر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
جس میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ لوگ سسکیوں اور آہوں کے ساتھ زار و قطار روتے رہے۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس میںمیں جماعة الدعوة کے اسکولوں کے طلبہ اور اساتذہ کرام کی بڑی تعداد کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔مظاہرے میں دہشت گردی کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔
طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر ”معصوم بچوں کے قاتل اسلام ،پاکستان اور انسانیت کے قاتل ہیں، پاکستان میں جنگ جہاد نہیں دہشت گردی ہے ، ہم جھکے نہیں ڈرے نہیں ہمار ا عزم جواں ہے جیسے نعرے درج تھے نماز جنازہ جماعة الدعوة چکوال کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ نثار نے بھون چوک میں پڑھائی۔
نماز جنازہ کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبداللہ نثار نے کہا کہ نفاذ شریعت کے نام پر معصوم بچوں کا خون بہانے والے مجاہدین نہیں بلکہ خارجی ہیں۔یہ بھارت و امریکہ نہیں پاک فوج کے خلاف لڑتے ہیں۔ حکومت مصلحت پسند ی چھوڑے اور دہشت گردوں کو پھانسیوں کے پھندوں پر لٹکا کر انہیں نشان عبرت بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ پشاور دہشت گردی میں را اور سی آئی اے کا نیٹ ورک ملوث ہے۔ پاکستان پر بہت بڑا حملہ کیا گیا ہے تاکہ مسلمانوں کو خوفزدہ کرکے ان کے موقف سے ہٹایا جائے۔
ہم شہید بچوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور حکومت سے کہتے ہیں کہ ایسے سانحات سے بچنے کیلئے پھانسیوں کی سزائوں پر عمل درآمد کیاجائے۔ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے کفار کی بی ٹیم ہیں۔بیرونی قوتیں میدانوں میں شکست پر تکفیریوں کو مسلمانوں کا خون بہانے کیلئے شہ دے رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ پشاور اسکول، پریڈ لین مسجد اور مارکیٹوں میں دھماکے کرنے والوں کاجہاد سے کوئی تعلق نہیں۔ پشاور میں دہشت گردوں نے روپ بدل کر بزدلانہ حملہ کیا ہے۔آج ملک بھر میں ہونے والے جنازے شہداء کے ورثاء کے ساتھ اظہار یکجہتی اور پیغام ہیں کہ سکول میں شہید ہونے والے بچے ہمارے بھی بیٹے تھے۔
پاکستا ن کی بیس کروڑ عوام اس سانحہ پر مغموم ہیں۔سکول میں زخمی ہونے والے بچوں کے عزم و حوصلے کو بھی داد دیتا ہوں جنہوں نے اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھائیں اور زخمیوں کو اٹھایا انہوں نے آرمی چیف راحیل شریف کو کہا کہ آپ ڈٹ جائیں۔پورے پاکستان میں ضرب عضب پھیلا دیں۔ہم آپ کے سپاہی بنیں گے۔ان طلباء کی جرات ،بہادری ،عزم کو قوم سلام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس سانحہ کا بدلہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں سکول کی پرنسپل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس کو فوج نے بحفاظت نکالا لیکن وہ دوبارہ سکول چلی گئیں اور کہا کہ میں اپنے طلباء کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتی۔دہشت گردوں نے پرنسپل کو نہ صرف گولیاں ماریں بلکہ اسے آگ لگائی۔