چکوال سے بن مانس، بندرکے 90 لاکھ سال پرانے فوسلز دریافت

Chakwal

Chakwal

چکوال (جیوڈیسک) پاکستانی سائنسدانوں نے چکوال کے علاقے سے بن مانس اور بندر کے 90 لاکھ سال پرانے فوسلز دریافت کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس دریافت پر 30 سال کا عرصہ لگا۔ یہ دانت ہیں بن مانس اور بندر کے، ان کی دریافت سے اندازہ ہوتا ہے کہ 90 لاکھ سال پہلے بھی اس زمین پر ان کا وجود تھا، بن مانس کے ملنے والے دانتوں کی مشابہت کافی حد تک انسان کے دانتوں جیسی ہے۔

فرق صرف ان کے سائز کا ہے، تحقیقاتی ٹیم نے بتایا کہ 1982 سے اس پر تحقیق کی جا رہی ہے ،کئی جانوروں کے فوسلز ملے تاہم بن مانس کے فوسلز ملنا ان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ پاکستان بننے سے پہلے برطانوی تحقیقاتی ٹیم نے بن مانس کے نیچے والے دانت دریافت کیے تھے، وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے اوپر نیچے کے دونوں دانت دریافت کیے ہیں۔ ماہرین حیوانات کا کہنا ہے کہ ان فوسلز سے بن مانس کی ارتقائی تحقیق میں کافی مدد ملے گی۔