تحریر : ممتاز ملک۔ پیرس عالمی اخبار میں آج کل مردوں پر خواتین کی صلاحیتوں کو دبانے کے حوالے سے جو بحث چل نکلی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ اس پر بات کرنا واقعی بہت ضروری ہو گیا ہے۔ یہ بات تو ایک حد تک ہضم ہوتی ہے کہ کچھ خواتین اپنے اندر کی ٹیلنٹ کی کسی بھی کمی کو پورا کرنے کے لیئے نازو انداز اور عشوہ طرازیوں کا سہارا لیتی ہیں اور مرد انہیں دو نمبر ترقیاں دلوانے کے لیئے ان کا فائدہ بھی اٹھاتے ہیں کیونکہ بہر حال دونبر کام دونمبر طریقے سے ہی ہو گا لیکن تکلیف اس وقت شروع ہوتی ہے جب کوئی خاتون صلاحتیں بھی رکھتی ہو، محنت کرنے کا جذبہ بھی رکھتی ہو، آگے جانے کا حوصلہ اور خوبی بھی رکھتی ہو اور ایسے میں اسے بھی جان بوچھ کر واضح اور غیر واضح انداز میں یہ پیغام بھیجا جائے کہ جو ہماری مرضی سے نہیں چلتا ہم ہر جگہ اس کا راستہ بھی روکتے ہیں اور استحصال بھی کرتے ہیں۔
ہم سب کے تجربے میں ایسا کوئی نہ کوئی متاثرہ خاتون کسی بھی شعبے کی ضرور ہو گئی جو سیدھے راستے سے اپنی منزل تک پہنچنا اور کامیاب ہونا چاہتی ہے لیکن کہیں اسے باقاعدہ منصوبے کے تحت بدنام کر دیا گیا کہ اپنی عزت سمیٹنے کی فکر میں یہ سوچ کر کہ جو باقی بچی ہے وہ بھی برباد نہ ہو جائے سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر کسی کونے میں چھپ جاتی ہے اور کہیں انہی لوگوں میں شامل ہو کر ان کے دونمبر گروہ کا حصہ بن جاتی ہے ۔ لیکن ایسی خواتین کے لیئے بھی یہ سوچنے اور مقابلہ کرنے کی گھڑی ہے کیونکہ اگر دودہ کی باٹی میں غلاظت کی ایک بھی چھیٹ پڑ جائے تو پھر اس میں سے بچانے کا کچھ نہیں رہتا ۔ لہذا اگر وہ کچھ بچائے گی تو کیا بچائے گی ۔ اس لیئے جو ہونا تھا ہو گیا جان کر انہیں اپنے پاؤں مضبوطی سے جما کر ایسے مافیا کا منہ توڑنے کی ضرورت ہے نہ کہ کونے میں چھپنا کوئی علاج ہے۔
بات جب گھر سے باہر کے مردوں کی ہو تو کبھی ہم پیشہ افراد ، کبھی سینئیرز ، کبھی راستے میں کھڑے خودساختہ عاشق، توکبھی کوئی اور روپ عورت کو تاڑنے اور اس پر داؤ لگانے کے لیئے کسی گدہ کی طرح نظریں جمائے بیٹھے ہیں ۔ کہ کہاں اس خاتون کی کوئی کمزوری ان کے ہاتھ لگے اور کب وہ اس خاتون کا شکار کریں۔
Pakistani Woman
گھروں میں جھانکیں تو بدقسمتی سے وہاں بھی حالات پاکستانی عورت کے لیئے خاص طور پر اتنے سازگار دکھائی نہیں دیتے ہیں کہ ہم خاموش ہو جائیں ، کہیں باپ بن کر ہمارے ہاں بیٹیوں کے تمام قانونی اور شرعی حقوق اپنے نام کروا لیئے جاتے ہیں تو کہیں بھائی بن کر بہن کو کاری کرنا اپنے لیئے حق سمجھا جاتا ہے ۔ کہیں شوہر بن کر نہ صرف اس کی کامیابی سے حسد کرنے لگتے ہیں بلکہ ہر ایک کے سامنے اسے ذلیل کر کےاور نیچا دکھا کر اپنے کمینے پن کا مظاہرہ کر رہا ہوتا ہے ۔ نہ کہیں کسی باپ اور بھائی کے ہاتھوں ہونے والے ظلم پر کوئی آنکھ اشکبار ہوتی ہے نہ کوئی ہاتھ امداد کو اس خاتون کی جانب اٹھتا ہے۔
جہاں بات ہو گی اسی خاتون میں عیب ڈھونڈنے اور درپردہ مرد کی مردانگی کے کیڑے کو پالنے کی ہی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔ بات پھر وہیں آ جاتی ہے کہ کوئی گناہ یا غلطی اگر عورت سے انجانے میں بھی ہو جائے تو اس پر اسے سنگسار کرنے کی صدائیں بلند ہونے لگتی ہیں اور کہیں مرد جان بوجھ کر بڑے سے بڑا گناہ کر لے تو اسے مٹی پاؤ مٹی پاؤ کہہ کر دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
جو خاتون ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش بھی کرے تو سب سے حیران کن معاملہ وہاں دیکھنے میں آتا کہ اس خاتون کی تباہی اور بدنامی کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے والی آواز بھی کسی نہ کسی خاتون کی ہی ہوتی ہے ۔ کیونکہ شاید اس مخالفت میں اٹھنے والی آواز کو اٹھانے والی خاتون کو ” لوگ کیا کہیں گے ” کی دھمکی دیکر اپنی بقاء کے لیئے بزور اس جنگ میں شامل کر لیا جاتا ہے ۔ ایک طرف تو قانون کے نام پر ہمارا ملک نت نئے قوانین بنانے کے ریکارڈ قائم کر رہا ہے تو دوسری جانب یہ عالم ہے کہ ہر گھڑی تیزاب سے جھلسی عورتوں اور بدفعلی کا شکار ہونے والے بچوں اور آنر کلنگ کے مظلوموں کی تعداد میں دن دونی اور رات چوگنی اضافہ ہو رہا ہے۔
کیوں کہ محض قانون بنانے سے کہ ” اس غلطی ہر ایک چانٹا اور اس غلطی پر دوسرا چھانٹا پڑنا ہے ” کی بجائے ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک بار بتانے کے بعد دوسری بار سچ مچ وہ چانٹا اور چھانٹا پڑنا چاہیئے تاکہ اس کی گونج اور اس کی تکلیف اسے برسوں اپنے کرتوں کی یاد دلاتی رہے۔ لیکن ہائے افسوس کہ خواتین کو زلف و رخسار کے قَِصّوں میں الجھانے والے مرد جب کسی اور کی عزت نہیں کرتے تو” وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ ” کا راگ الاپ کر اپنے مجروح بلکہ مردہ ضمیر کو خاموش کرانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ لیکن کب تک ؟ موت کے وقت ہاتھ جوڑ جوڑ کر انہی خواتین سے معافیاں مانگنے سے کیا تلافی بھی ہو جاتی ہے ؟ کیا آپ اس دنیا میں قانون کو چکر دیتے ہوئے یہ بھول جاتے ہیں کہ ایک اور عدالت بھی ہے جہاں کوئی تعلق ، کوئی سفارش نہیں چلے گی ۔ وہاں چلے گی بلکہ دوڑے گی تو صرف مظلوم کی آہ اور اسی کی آواز ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔