کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ عدالت میں لے جانے والے بلدیاتی انتخابات کے التوا اور تاخیر کے ذمے دار ہیں، دراصل یہی لوگ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں دلچسپی نہیں رکھتے، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا مستقبل عدالتی فیصلے سے وابستہ ہے۔
حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات کیلیے تیار ہے، ماں ماں ہوتی ہے، ماں ون ٹو نہیں ہوتی، سندھ کی تقسیم کا سوچنے والے اس کاخیال دل سے نکال دیں، سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوسکتا سندھ دھرتی ہمیشہ ایک رہے گی۔
نیو سندھ سیکریٹریٹ میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکا سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، ہم بھی عدالت میں گئے ہوئے ہیں، عدالتی فیصلے کا انتظار ہے، بلدیاتی انتخابات کا مستقبل عدالتی فیصلے سے وابستہ ہے، 2001 مشرف دور میں سندھ میں کی جانے والی حلقہ بندیاں ختم ہو چکی ہیں، 2013 میں جو حلقہ بندیاں کی گئی ہیں وہ سندھ اسمبلی میں منظور کیے گئے بلدیاتی قانون کی روشنی میں کی گئیں۔