چمن (جیوڈیسک) بھارت کے بعد افغانستان بھی ہٹ دھرمی پر اتر آیا، چمن میں افغان فورسز کی پاک فوج کی چیک پوسٹ پر بلاجواز فائرنگ اور گولہ باری سے 3 بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے، علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان فورسز کی 3 چوکیوں کو تباہ کر دیا۔
بھارت کے بعد افغانستان بھی پاگل پن پر اتر آیا ۔ چمن میں پاکستانی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا دیا، افغان فورسز نے صبح کے وقت چمن کے سرحدی علاقوں پر بلاجواز فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔
افغان فورسز نے بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا جس سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ۔ فائرنگ اور گولہ باری سے متعدد افراد زخمی ہوئے جس میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، شدید زخمیوں کو کوئٹہ بھجوایا گیا، واقعے کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ سرحدی گاؤں کے مکینوں کو نقل مکانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔