چمن (اصل میڈیا ڈیسک) چمن مال روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی جب کہ 21 افراد زخمی ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا بتانا ہے کہ دھماکہ مال روڈ پر ہوا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام نے دھماکے کی جگہ سے لاشوں اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری مال روڈ پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دھماکے سے متعدد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بعد ازاں چمن دھماکے کا مزید ایک زخمی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
میڈیکل سپرنٹینڈنٹ چمن ڈسٹرکٹ اسپتال ڈاکٹر اختر نے اس بات کی تصدیق کی کہ مال روڈ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
ڈاکٹر اختر نے بتایا کہ دھماکے میں 21 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 12 کی حالت تشویشناک ہے، شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیاہے۔
وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وزیر اطلاعات شبلی فراز سمیت سیاسی رہنماؤں نے چمن دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔