چیمبر آف کامرس اور محمد عارف کا کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کے سلسلہ میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر ز کا منگل کے روز دورہ کیا

سلیم سیف اللہ کی سر براہی میں خیبر پختونخواہ چیمبر آف کامرس اور محمد عارف جیوا کی سربراہی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز ڈیویلپرز آف پاکستان کے وفود نے18،19اور20نومبر کو سی ڈی اے کی طرف سے ہونے والے کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کے سلسلہ میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر ز کا منگل کے روز دورہ کیا۔ وفود کو سی ڈی اے کے کانفرنس روم میں چند دنوں بعد ہونے والے کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین ، ممبرز اور سی ڈی اے کے دیگر اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے۔

دورہ کرنے والے وفود کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے18،19اور20نومبر کوجو کمرشل پلاٹس کو نیلام کرنے والا ہے وہ پلاٹس اسلام آباد کے مصروف ترین کاروباری مراکز میں موجود ہیں جہاں مستقبل میں کاروبار کے لا تعداد مواقع موجود ہیں اورسڑکوں ، بجلی ، پارکنگ سمیت تمام ضروری سہولیات دستیاب ہیں۔ سی ڈی اے نیلامی کے عمل کو سرمایہ کار دوست بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت کی شفافیت اور ایمانداری کی پالیسی کی روشنی میں سی ڈی اے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پلاٹوں کی نیلامی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور ایماندانہ ہو گا۔ ان کمرشل پلاٹوں کے نیلام عام کا عمل وفاقی دارالحکومت میں ترقی کا ایک نیا دور شروع کرے گا۔ ان کمرشل پلاٹس کی نیلامی کا عمل مکمل طور پر کاروبار دوست ہے، چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا۔

ندیم حسن آصف نے اس موقع پر مزید کہاکہ سی ڈی اے اسلام آبا د کو کاروباری سرگرمیوں کے مرکز میں تبدیل کرنے جا رہاہے جو کہ ملک میں جاری کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ اسلا م آباد مستقبل میں ملک کو خوشحال بنانے کے عمل میں پیش پیش ہو گا۔ سی ڈی اے اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کے لئے آئندہ مزید اقدامات بھی اُٹھائے گا ۔ کاروباری برادری کے ساتھ اس میٹنگ کا مقصد سی ڈی اے کی طرف سے ہونے والے کمرشل پلاٹوں کے نیلام عام کے بارے میں کاروباری حلقوں سے تجاویز حاصل کرنا ہے جن پر عمل کیا جائے گا، چیئرمین نے مزید کہا۔

اس موقع پر سلیم سیف اللہ نے کہاکہ کاروباری برادری سی ڈی اے کی موجودہ تعاون کرنے والی اور پُر جوش قیادت کو دیکھ کر بہت خوش ہے۔ سی ڈی اے کی طرف سے آئندہ ہونے
والے کمرشل پلاٹوں کے نیلام عام کے بارے میں کئے گئے اقدامات یقینا حوصلہ افزاء ہیں۔ کاروباری برادی کو اُمید ہے کہ اسلام آباد مستقبل قریب میں ایک کاروباری مرکز میں تبدیل ہو جائے گا اور موجودہ انتظامیہ کے اقدامات سے یہ اُمید یقین میں تبدیل ہو تی جا رہی ہے ۔ یہ پہلی دفعہ دیکھنے میں آ رہاہے کہ سی ڈی اے مکمل سائنسی اور پیشہ ورانہ انداز میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کے بارے میں کاروباری حضرات کو تعلیم دے دہاہے۔ خیبر پختونخواہ کی کاروباری برادری پلاٹوں کے نیلام عام کے عمل میں بھرپور طریقہ سے شرکت کرے گی۔

اس موقع پر عارف جیوا نے موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ سی ڈی اے کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے کاروباری حلقوں کو یہ یقین ہے کہ چند دنوں بعد ہونے والا کمرشل پلاٹوں کا عمل مکمل طور پر صاف و شفاف ہو گا۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز آف پاکستان کو یقین ہے کہ مستقبل قریب میں اسلام آبا دمیں ترقیاتی و تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر عارف جیوا صاحب نے کم قیمت والی ہائوسنگ سکیموں کے بارے میں مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔