لندن (جیوڈیسک) اوول کے میدان میں آج آئی سی سی میگا ایونٹ کا فائنل مقابلہ ہو گا جس میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ ٹائٹل مقابلہ دن ڈھائی بجے شروع ہو گا۔ بِگل بجنے سے پہلے ہی دلوں کے تار بجنے لگے۔ بڑے مقبلے کیلئے الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
سرحد کے دونوں جانب موجود شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہو گئی ہیں۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں کوہلی الیون کو فتح ملی تھی تاہم سرفراز احمد کی بھی اب سرفراز ہونے پر نظر جمی ہے۔
میچ کیلئے قومی کیمپ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ شاہینوں کی جانب سے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ ہی نہیں اعصاب اور نفسیات پر بھی قابو پانے کے پلان فائنل کر لیا گیا ہے۔
بیٹنگ میں فخر زمان جبکہ بولنگ میں حسن علی پرنظر جمی ہے۔ پاکستانی عوام کو یقین ہے کہ سرفراز اب بھی دھوکہ نہیں دے گا۔ چیمپئنز ٹرافی میں دو دو میچ جیتنے والے پاکستان اور بھارتی سکواڈ برتری لینے کے لیے پُرجوش نظر آتا ہے۔
اوول روایتی حریفوں کی پہلی بار میزبانی کرے گا، کون مرد میدان ہو گا؟ بطور فاتح تاریخ کون لکھے گا؟ سب پتا چلے گا؟۔