بنگلور (جیوڈیسک) بھارت میں جاری چیمپئنز لیگ کا فائنل آج کولکتہ نائیٹ رائیڈرز اور چنائی سپر کنگز کے درمیان بنگلور کے سٹیڈیم میں ہو رہا ہے، جس میں کولکتہ کے نارائن کی غیر موجودگی میں چنائی کا پلہ بھاری نظر آتا ہے۔
فائنل میچ پاکستان کے وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہو گا۔ کرکٹ کے مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی کپتان اور چنائی کی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے علاوہ قسمت کے بھی دھنی ہیں۔
فائنل میں کولکتہ کی ٹیم اپنے ٹرمپ کارڈ سنیل نارائن کے بغیر کھیلے گی چنانچہ اس صورت حال میں چنائی کے لئے فتح کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے۔
دھونی کی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں پاکستان کی لاہور لائنز کا بھی ہاتھ ہے، جس نے ناقص کارکردگی دکھا کر اس کے لئے یہ موقع پیدا کیا، اور اس کے بعد چنائی نے پہلے سیمی فائنل میں زبردست کامیابی حاصل کی اور ٹورنامنٹ کی ایک ناقابل شکست ٹیم کنگز الیون پنجاب کو بڑے مارجن سے ہرایا۔
اب اس فتح کے ساتھ بلند حوصلوں کے ساتھ کے کے آر کی ٹیم سے فائنل میں ٹکرائے گی۔ کے کے آر ہر چند کہ فائنل میں توپہنچ گئی، لیکن وہ ایک با اعتماد انداز اور کھیل کے ساتھ یہاں نہیں پہنچی۔ چنانچہ لگ یہی رہا ہے کہ چنائی فیورٹ ہے، اس کے باوجود کرکٹ میں آخری بال ہونے تک فیصلہ نہیں ہوتا۔